Chitral Times

Dec 3, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے شرائط پوری ہونے پرآئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا،وزیر مملکت برائے خزانہ

Posted on
شیئر کریں:

بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے شرائط پوری ہونے پرآئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا،وزیر مملکت برائے خزانہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں خلاف ورزیوں کی وجہ سے عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوئی،چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے دوست ممالک کے ساتھ بیرونی فنڈنگ کی ضروریات پر بات ہورہی ہے، آئی ایم ایف کی بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے شرائط پوری ہونے پرسٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا۔بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کیدوران مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ فوجداری معاملات میں مقدمات اے سی سی پی کے دائر کار میں نہیں آتے، یہ عدالتوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ عالیہ کامران کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سابق حکومت نے جو معاہدہ کیا بعد میں وہ اس سے منحرف ہوئے جس سے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان عدم اعتماد کی صورتحال بڑھی ہے، باقی آڈیولیکس کے حوالے سے اس معاملے کو فنانس ڈویڑن نہیں دیکھ سکتا،حکومت ہی کارروائی کرسکتی ہے۔

 

سردار طالب نکئی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ حکومت کو اعتماد سازی کے اقدامات اٹھانے پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر9ویں ریویو تک پیشگی اقدامات اٹھانے پڑے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ اس لئے تاخیر کا شکار ہورہا ہے کہ ان کا مطالبہ ہے کہ سٹاف لیول معاہدے پر دستخطوں سے پہلے بیرونی فنڈنگ کی ضرورت پوری کریں، یہ صورتحال سابق حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے انحراف کی وجہ سے پیدا ہونے والے عدم اعتماد کی وجہ سے سامنے آئی ہے۔انہوں نیکہا کہ چین نے رول اوور کردیا ہے، سعودی عرب نے بھی یقین دہانی کرائی ہے،اسی طرح متحدہ عرب امارات سے بھی ہمیں کچھ توقعات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ توقع ہے کہ یہ صورتحال مثبت انداز میں آگے بڑھے گی۔ مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ایس ای سی پی میں جو کمپنیاں رجسٹرڈ ہوتی ہیں وہ ٹیکس گزار ہوتی ہیں، ان کی تفصیلات کس حد تک درست ہوتی ہیں اس کا ذمہ دار ایف بی آر ہوتا ہے۔

 

پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورت)پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شیڈول جاری کیا۔ای سی پی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو ہوں گے، کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہوگی، اپیلیٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلے 17 اپریل تک کرے گا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری ہوگی، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہوگی۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری ہوں گے۔ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول ہوا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو پولنگ کروانے کا حکم دیا تھا۔پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے۔


شیئر کریں: