
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے پارسا کی پراونشل سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس، تمام منصوبے جون کے مہینے سے پہلے مکمل کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے پارسا کی پراونشل سٹئیرنگ کمیٹی کا 18واں اجلاس، تمام منصوبے جون کے مہینے سے پہلے مکمل کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے پارسا کی سٹیرنگ کمیٹی کا 18واں اجلاس سول سکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ریلیف، سیکرٹری صحت، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات، سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پراونشل ریکنسٹرکشن، ریہیبیلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ اتھارٹی (پارسا) کو 2009 میں مالاکنڈ ڈویژن میں شدت پسندی کی وجہ سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر و بحالی کے لئے بنایا گیا تھا جو 2018 میں پی ڈی ایم اے میں ضم ہونے کے بعد بحالی ونگ بنا دیا گیا ہے۔ پارسا کی مذکورہ کمیٹی مالاکنڈ ڈویژن میں مختلف شعبہ جات میں منصوبوں کی تیزی سے منظوری دیتی ہے۔
خیبرپختونخوا ریکنسٹرکشن پروگرام کے تحت زیر التوا منصوبے، مسمار شدہ گھروں کے لئے مختص فنڈز کو سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے منتقل کرنے، منصوبوں پر پیش رفت بارے میں جائزہ کمیٹی کے قیام اور مالاکنڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ کے تحت مختلف منصوبے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا ریکنسٹرکشن پروگرام میں مختلف شعبہ جات میں زیر التوا منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرکے انھیں جون کے مہینے سے پہلے مکمل کیا جائے۔ جبکہ مسمار شدہ گھروں کے فنڈز کی منتقلی کے لئے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے۔ مزید برآں مالاکنڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ میں بھی مجوزہ منصوبوں کی بھی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جا ئے۔ اجلاس نے سیکرٹری ریلیف و آبادکاری کی صدارت میں جائزہ کمیٹی کی منظوری بھی دی اور ہدایت کی کہ جائزہ کمیٹی دو ہفتے میں جائزہ اجلاس بلا کر منصوبوں پر پیش رفت بارے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو آگاہ کرے گی۔