Chitral Times

Dec 8, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حافظ قرآن ہونے پر 20 اضافی نمبر دینے کا ازخود نوٹس کیس بند

Posted on
شیئر کریں:

حافظ قرآن ہونے پر 20 اضافی نمبر دینے کا ازخود نوٹس کیس بند

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)میڈیکل طلبہ کو حافظ قرآن ہونے پر 20 اضافی نمبر دینے کا ازخود نوٹس کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسی کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے بعد چھ رکنی بینچ نے کیس بند کر دیا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر کیس کی سماعت 6 رکنی بینچ کی جس کی سربراہی جسٹس اعجاز الاحسن نے کی۔بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔کیس کی سماعت 5 منٹ سے بھی کم وقت جاری رہی، 6 رکنی لارجر بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر غور کیا۔سربراہ بینچ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ازخود نوٹس بند کیا جاتا ہے۔لارجر بینچ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انٹیرم آرڈر جاری کیا تھا، ازخود نوٹس اور اس کے دیگر اثرات پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔پی ایم ڈی سی کے وکیل افنان کنڈی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 20 اضافی نمبر 2018ء تک رولز کے تحت دیے جاتے تھے،2021ء میں نئے رولز بنے اور اضافی نمبرز ختم ہو گئے، 20 اضافی نمبرز کا معاملہ عملی طور پر ختم ہو چکا ہے۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ازخود نوٹس 2022ء میں لیا گیا تھا، 2021ء کے رولز کے بعد ازخود نوٹس ویسے ہی غیر موثر ہو گیا۔جسٹس محمد علی مظہر پی ایم ڈی سی کے وکیل سے سوال کیا کہ رولز سے متعلق بات کیس کی سماعت کے دوران کیوں نہیں بتائی؟پی ایم ڈی سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اپنی تحریری معروضات جمع کرا دی ہیں۔واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تمام ازخود نوٹسز پر کارروائی روکنے کا فیصلہ دیا تھا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلے میں حافظ قرآن کو اضافی نمبر دینے پر بینچ بنانے پر اعتراض کیا تھا۔

 

صوبے میں مفت آٹے کی تقسیم جاری,  31 لاکھ سے زائد گھرانوں میں آٹا تقسیم،

پشاور(سی ایم لنکس)خیبر پختونخوا میں رمضان المبارک میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو مفت آٹے کی فراہمی جاری ہے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت مفت آٹے کی تقسیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔متعلقہ سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، یوٹیلیٹی سٹور حکام سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٓاج 2 لاکھ سے زائد خاندانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر اب تک 31 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو آٹا دیا جاچکا ہے۔ مفت آٹا سکیم کے تحت خیبر پختونخوا کے کل 57 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔چیف سیکرٹری نے اپیل کی کہ عوام آٹے کی تقسیم کے عمل میں حکومت سے تعاون جاری رکھیں تاکہ تمام اہل مستحق خاندانوں کو مفت آٹا منظم انداز میں فراہم کیا جاسکے۔


شیئر کریں: