Chitral Times

Dec 1, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر کی زیرصدارت ہلال احمر خیبر پختونخوا کا مشترکہ اجلاس، ادارہ کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

شیئر کریں:

ہلال احمر ایسی ٹیم تشکیل دے جو مالی امداد کے ساتھ مقامی آبادی پر گہرا اثرو رسوخ رکھتے ہوں،گورنر حاجی غلام علی
گورنر کی ضم اضلاع میں دنیاوی و قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں سے متعلق5 سالہ تحقیقی رپورٹ مرتب کر نے کی ہدایت
گورنر کی زیرصدارت ہلال احمر خیبر پختونخوا اور ہلال احمر ضم اضلاع کا مشترکہ اجلاس، ادارہ کی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال


پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا اور انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کو اپنی ٹیم میں ایسے افراد کو حصہ بنانے کی ہدایت کی ہے جو نہ صرف ادارہ کی مالی معاونت کریں بلکہ علاقائی سطح پر بھی ادارہ کو درپیش مسائل کے حل اور رائے عامہ تبدیل کرنے میں مقامی آبادی پر اپنا گہرا اثرو رو سوخ رکھتے ہوں۔ گورنر نے انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کو گزشتہ 5سالوں کی ایک تحقیقی رپورٹ مرتب کر نے کی بھی ہدایت کی کہ جس میں واضح کیا جائے کہ ضم اضلاع کے کونسے علاقے قدرتی آفات سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور کونسے شعبوں میں کام کرنیکی زیادہ ضرورت ہے تاکہ متاثرہ قبائلی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 

یہ ہدایات انہوں نے انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا اور انجمن ہلال احمر ضم اضلاع مشترکہ اجلاس کی صدارت کے دوران کی۔اجلاس میں انجمن ہلال احمر خیبر پختونخوا کے چیئرمین ملک حبیب اورکزئی، انجمن ہلال احمر ضم اضلاع کے چیئرمین ڈاکٹر آصف، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنر سیف الاسلام اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے جبکہ سابقہ رکن قومی اسمبلی نیک زمان اورسابقہ سیکرٹری داخلہ اختر علی شاہ بھی اجلاس میں خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں گورنر نے دونوں انجمن ہلال احمر کے چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ ملکی و غیر ملکی سطح پر عوامی خدمت کے جذبہ سے لیس صاحب ثروت افراد کے سا تھ روزانہ کی بنیاد پر اپنا مضبوط تعلق اور اعتماد قائم رکھیں جس سے عوامی خدمت کا دائرہ کاربھی وسیع پیمانے تک پھیل جائے گا، گورنر کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے والی تنظیموں کو ہر وقت تیار رہنا چاہئے اور پہلے سے ہی عوام کو ریلیف فراہم کرنیوالا سامان دستیاب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر خیبر پختونخوا کی منیجمنٹ اور گورننگ باڈی میں صوبہ کے تمام ڈویژنوں سے نمائندگی ضرور ہونی چاہئے اسی طرح ہلال احمر ضم اضلاع کی گورننگ باڈی اور منیجمنٹ میں تمام ضم اضلاع سے نمائندگی یقینی بنائی جائے، متعلقہ ڈویژنوں اور ضم اضلاع سے نمائندگی کے نتیجے میں ہلال احمر کے دونوں ادارے اپنی خدمات عوام تک مزید بہتر انداز میں پہنچا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ د نیاوی و قدرتی آفات سے متاثرہ انسانیت کی خدمت کیلئے قائم انجمن ہلال احمر کے ادارے پاکستان سمیت تمام ممالک میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں، صوبہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مصروف انجمن ہلال احمر کو تمام تر سہولیت و معاونت یقینی بنائیں گے۔

علاوہ ازیں گورنر سے نگران صوبائی وزیر منظورآفریدی، سابق چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور اور پوسٹ ماسٹرجنرل خیبرپختونخوانثار محمدخان نے بھی گورنرہاؤس میں الگ الگ ملاقات کی اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔


شیئر کریں: