
سیاحتی مقامات کی نگرانی کرنے کیلئے جلد کیمرے نصب کئے جائینگے، محمدبختیار خان
سیاحتی مقامات کی نگرانی کرنے کیلئے جلد کیمرے نصب کئے جائینگے، محمدبختیار خان
جاز مسافر کی ٹیم کی ڈی جی ٹورازم اتھارٹی سے ملاقات، صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں اور تعاون کو یقینی بنانے کی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان نے کہاہے کہ صوبے میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے کو فروغ دینے اور آگے بڑھانے میں نجی شعبے کی شمولیت اور ان کو حکومتی سطح پر ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہیں۔ایسے اقدام ممکنہ طور پر مقامی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرکے خطے کی اقتصادی ترقی پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موبی لنگ جاز کے پارٹنر جاز مسافر کی ٹیم کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کا مقصد سیاحتی مقامات کی نگرانی کرنے، ویڈیوز کیمرے کے ذریعے لائیو دیکھنے اور ان تک رسائی یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ معیاری کیمرے نصب کئے جائینگے۔ جن کی ویڈیوز24/7 موبائل ایپ اور ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی اور اسے منتخب مقامات پر نصب اعلیٰ معیار کے ویڈیو کیمروں کی مدد سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔اس موقع پر جاز مسافر کی ٹیم نے اپنی ٹریول ٹیکنالوجی پلیٹ فارم پر ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ موبی لنک جاز کا پارٹنرجاز مسافرایک ٹریول ٹیک پلیٹ فارم ہے جو ملک بھر میں اپنے فعال سبسکرائبرز کو ایپ کے ذریعے ریئل ٹائم مدد فراہم کرتا ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے کئی نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں آفات کے خطرے میں کمی، ذمہ دارانہ سیاحت کی معاونت، مناسب معلومات،ٹریول ٹورازم اور مہمان نوازی کے شعبے میں تمام مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متبادل مقامات کی نشاندہی کرنا شامل ہے۔ملاقات میں طے پایا کہ ان جاری کوششوں اورتعاون کو مثبت طور پریقینی بنانے کیلئے جلد ہی ایک باضابطہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔