
حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے پورے صوبے میں رمضان پیکج کے تحت سرکاری مفت آٹے کی تقسیم بدستور جاری۔ محکمہ خوراک
حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے پورے صوبے میں رمضان پیکج کے تحت سرکاری مفت آٹے کی تقسیم بدستور جاری۔ محکمہ خوراک
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے پورے صوبے میں رمضان پیکج کے تحت سرکاری مفت آٹے کی تقسیم بدستور جاری ہے اس سلسلے میں محکمہ خوراک کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق آج تک 1752182 گھرانوں میں مفت 5076232 دس کلو آٹے کے تھیلے تقسیم کیے گئے، واضح رہے کہ صوبہ بھر میں آٹے کی تقسیم 5122 رجسٹرڈ آٹا ڈیلرز، 90 موبائل ویل(ٹرک) جبکہ 103 یوٹیلیٹی اسٹورز اور 18یوٹیلیٹی موبائل ویل کے ذریعے کی جا رہی ہے محکمہ خوراک کے حکام کے مطابق رمضان پیکج کے تحت تقریباً ایک کروڑ 72 لاکھ مفت آٹے کے تھیلے 5750908 مستحق گھرانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد علی خان نے ڈی پی او اکرام اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد عاطف جالب کے ہمراہ پولو گراؤنڈمیں مفت آٹے کے ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹریبیوشن پوائنٹ پر تقسیم کے عمل اور عوام الناس کے لیے اٹھائے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ رجسٹرڈ افراد کو بلاامتیاز مفت آٹے کی فراہمی یقینی اور آسان تر بنانے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ضلعی انتظامیہ, متعلقہ ادارے,چترال لیویز اور پولیس کا عملہ عوام الناس کی مدد کرتے ہوئے مفت آٹے کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ آٹا پوائنٹس پر نظم و ضبط ہرصورت قائم رکھیں، شہری اچھے ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنرکے احکامات کی روشنی میں قیمہ فروش اور قصائیوں کیخلاف ملنے والی عوامی شکایت پر کے پی فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مین بازار لوئر چترال میں قصائیوں کے دکانوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایک قصائی کی دکان سے مضرصحت گوشت برامد کرکے موقع پر تلف کردیا گیا جبکہ ایک اور کاروائی میں ایک چکن شاپس سے مضر صحت چکن برامد کرکے موقع پر تلف کردیا جبکہ مالکان کیخلاف فوڈ ایکٹ 2014 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔اس کے علاوہ معتدد چکن شاپس اور قیمہ فروشوں کو جرمانے اور وارننگ نوٹسسز جاری کئے گئے۔