Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نادرا نے جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرا دی، اب شہری شناختی کارڈ ودیگر دستاویزات بنوانے کیلیے کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکیں گے

Posted on
شیئر کریں:

نادرا نے جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرا دی، اب شہری شناختی کارڈ ودیگر دستاویزات بنوانے کیلیے کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکیں گے

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا دفتر اب پاکستانی شہریوں کے موبائل فون پر آ گیا ہے کیونکہ نادرا کی طرف سے پیش کی جانے والی جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہری اب نہ صرف شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی درخواستوں کے لئے تمامتر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکتے ہیں بلکہ شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی بدولت اب پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈاور فیملی رجسٹریشن کارڈ بنوانے کے لئے نادرا دفاتر جانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی بالکل ضرورت نہیں۔نئی موبائل ایپ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جن کی بدولت آپ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں پیش آنے والے تمام مراحل اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی مکمل کر سکتے ہیں، مثلاً ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، تصویر اور فنگرپرنٹس بنا سکتے ہیں اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کر سکتے ہیں۔

 

طارق ملک نے کہا کہ یہ جدت آمیز اقدام خدمات میں بہتری کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کے لئے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہو گی جس کی بدولت قبل ازیں پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے جس نے ایک سے زیادہ بائیومیٹرک لینے اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرا دی ہیں۔چیئرمین نادرا نے بتایا کہ اس ایپ کی تیاری میں“کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی”کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت شہری سمارٹ فون کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری اس ایپ میں دئیے گئے سروے کے ذریعے ہمیں اپنی مفید آراء سے ضرور آگاہ کریں۔

46 ہزار زکوٰۃ مستحقین کو زکوۃکارڈ 10 رمضان المبارک تک دیدیے جائیں گے۔ فیاض بٹ

کراچی (سی ایم لنکس)وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زکوۃفیاض علی بٹ نے کہا ہے کہ 10 رمضان المبارک تک 46 ہزار زکوۃ مستحقین میں سندھ بینک کے ذریعے صوبے بھر میں زکوۃ کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے زکوۃ مستحقین کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔ یہ بات آج اْنہوں نے اپنے دفتر سندھ سیکریٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین زکوۃ کونسل نیاز علی جیسر، سیکٹری مذہبی امور اور زکوۃ و عشر منور علی مہیسر، ممبر سندھ زکوۃکونسل اشفاق علی اسران، سندھ بینک کے اسد علی شاہ، عمران سمد نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر فیاض علی بٹ نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں 46 ہزار زکوٰۃ کے مستحق افراد کو سندھ بینک کے ذریعے زکوٰۃ کارڈ دیئے جائیں گے۔ یہ زکوٰۃ کارڈ 10 رمضان تک صوبے بھر میں تقسیم کر دیے جائیں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کارڈ کی تقسیم کی تقریب وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس میں ہوگی۔افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ زکوٰۃمستحقین کو زکوٰۃ کارڈ دیں گے۔ فیاض علی بٹ نے کہا کے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے زکوٰۃ کی تقسیم کو شفاف بنایا ہے تاکہ صرف مستحق افراد ہی زکوۃ وصول کرسکیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72868