Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام ڈی ایچ کیو اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں میں صحت کارڈ کا استعمال ہونا چاہیے، ڈاکٹر عابد جمیل

Posted on
شیئر کریں:

تمام ڈی ایچ کیو اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں میں صحت کارڈ کا استعمال ہونا چاہیے، ڈاکٹر عابد جمیل
ڈی ایچ کیوں میں تعینات سپیشلسٹ صحت کارڈ پر آپریشن کرینگے، مشیر صحت ڈاکٹر عابد جمیل

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر عابد جمیل کی زیر صدارت خیبر پختونخوا میں صحت اصلاحات اور پرائمری ہیلتھ کئیر ریویمپنگ پر اب تک ہونی والی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ عطاالرحمان، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی، چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر شاہین آفریدی، پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اکرام اللہ خان، ایڈیشنل ڈی جیز، تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو پرائمری ہیلتھ کئیر ری ویمپنگ پروجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس پروجیکٹ کے تحت صحت اصلاحات بارے میں مشیر موصوف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں سیاسی اثر رسوخ پر 1150 بنیادی مراکز صحت تعمیر کئے جاچکے ہیں جو کہ بندوبستی اضلاع میں صرف 766 ہیں اس موقع پر ڈائریکٹر انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ نے صحت کی بنیادوں اکائیوں کی مانیٹرنگ بارے مشیر صحت کو بریف کیا۔مشیر صحت نے سب سے پہلے تمام ڈی ایچ اوز سے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات اور مہیا کئے گئے طبی امداد کے بارے میں پوچھا۔ مشیر صحت نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خاندانوں کیلئے غیر متعدی بیماریوں کا علاج و ادویات مفت ہونی چاہئے۔

 

مشیر صحت نے اضلاع میں ضروری ادویات کی کم یا عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضروری ادویات کی لسٹ 200 سے کم کرکے حقیقی سوچ پر مبنی ہونی چاہئے تاکہ ادویات کی فراہمی میں فنڈز کا مسلہ نہ ہو۔ سابقہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے دور افتاد علاقوں میں بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی اور بہتر بنانا ہے۔ڈی جی ڈرگز ڈاکتر عباس نے بتایا کہ ڈرگ ڈائریکٹوریٹ نے اب تک ایم سی سی میڈیسن کی دس ہزار ادویات کا تجزیہ مکمل کیا ہے جو کہ کسی بھی صوبے میں اس وقت کی سب سے زیادہ ٹسٹنگ ہے۔ مشیر صحت نے ہدایات جاری کیں کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران غیر حاضری پر ڈاکٹرز و دیگر میڈیکل سٹاف کی تنخواہوں سے کٹوتی سمیت دیگر محکمانہ ایکشن لیں۔طبی عملے کی غیر حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں، کوئی بھی سیاسی دباو ڈالنے کی کوشش کریں سیدھا میرے دفتر آئیں میں دیکھتا ہوں کون پریشر ڈالتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جس کی ڈیوٹی جہاں پر ہے وہ وہی فرائض انجام دیں۔ جنرل ڈیوٹی والا معاملہ نہیں چلے گا۔ ڈی ایچ اوز کو سترہ سکیل ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کا ایکسپلینیشن کال کرنے کیلئے باختیار بنایا جائے گا۔ ایڈیشنل چارجز پر دفاتر نہیں چلائے جائینگے۔

 

ہر پوسٹ کیلئے اپنا آفسر ہوگا۔ اپر چترال کیلئے ہم موبائل ڈسپنسری دے ہے ہیں جو کہ دو دراز علاقوں میں جا کے او پی ڈی سروسز فراہم کریگی۔ عالمی ادارہ صحت سے دوسرے موبائل ہسپتال کی درخواست کی ہے جسے جنوبی اضلاع کیلئے مختص کیا جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت ہمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 36 مراکز صحت کی بحالی و فعالی کی ذمہ داری لے رہا ہے۔مشیر صحت نے ہدایات جاری کیں کہ کنٹریکٹ پر بھرتی میڈیکل آفیسرز کی غیر حاضری سمجھ سے بالاتر ہے، ان میڈیکل افسران کی تقرری علاقائی طور پر میڈیکل افسران کی کمی کو پوری کرنے کیلئے عمل میں لائی گئی تھی۔ جس مرکز صحت پر میڈیکل افسر کنٹریکٹ کے تحت بھرتی ہوا ہے وہ وہیں پر فرائض انجام دیگا۔ فروری کے مہینے میں ایک ہزار سے زائد زچگیاں واقع ہوئی ہیں۔ بٹگرام میں سب سے زیادہ زچگیاں سرکاری مراکز صحت میں واقع ہوئی ہیں۔ چارسدہ میں صحت کی اعلی خدمات کی فراہمی پر ڈی ایچ او کو تعریفی سند بھی دی گئی۔

 

تمام ڈی ایچ کیو اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں میں صحت کارڈ کا استعمال ہونا چاہیے۔ ڈی ایچ کیوں میں تعینات سپیشلسٹ صحت کارڈ پر آپریشن کرینگے۔ مشیر صحت نے بتایا کہ زچگی کے دوران کسی بھی خاتون کی موت میں اگر کسی کی بھی لاپرواہی پائی گئی تو محکمہ صحت میں اسکے لئے کوئی جگہ نہیں۔ نومولود سمیت دیگر بچوں کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ دور افتاد علاقوں میں صحت کی بہتر سہولیات مہیا ہوں اور پشاور کے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہو۔ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ صفائی آپریشن تھیٹر کی ہو یا واش رومز جیسی عوامی استعمال کی مقامات کو صاف سُتھرا ہونا چاہیے۔ سیکرٹری ہیلتھ عطاالرحمان نے ڈی ایچ اوز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی ایچ اوز اپنے اپنے اضلاع میں ڈینگی لاروا کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اُٹھائیں تاکہ آئیندہ دو ماہ میں ہاٹ سپاٹ اضلاع میں ڈینگی مچھر کی تولید پر قابو پایا جاسکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72855