Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رمضان ریلیف پیکیج کا فائدہ براہ راست غریب اور متوسط طبقے کو پہنچایا جائے۔ چیف سیکرٹری

Posted on
شیئر کریں:

رمضان ریلیف پیکیج کا فائدہ براہ راست غریب اور متوسط طبقے کو پہنچایا جائے۔ چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال
19 ارب 77 کروڑ روپے کی سبسیڈی سے صوبے کے 57 لاکھ سے زائد گھرانوں کو مفت آٹے کی فراہمی، آٹا 7600 سیل پوائنٹس پر تقسیم ہوگا
جو مستحق خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل نہیں وہ قریبی دفتر جا کر خود کو رجسٹرڈ کروا کر 24 گھنٹوں کے اندر رمضان ریلیف پیکیج کے حقدار بن سکتے ہیں

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت کے رمضان ریلیف پیکیج کا فائدہ براہ راست غریب اور متوسط طبقے کو پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ ھدایات انہوں نے رمضان المبارک میں مستحق افراد کو مفت آٹے کی فراہمی بارے میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے حکام شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ آٹے کے حصول کیلئے آنے والوں کو مناسب سہولیات اور بیٹھنے کی جگہ فراہم کرے۔ بزرگ شہریوں اور خواتین کیلئے الگ سے سہولیات مہیاں کی جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے مستحق افراد خوش اسلوبی اور شفافیت کیساتھ ریلیف پیکیج سے مستفید ہو سکیں گے۔

 

اجلاس کو بتایا گیا کہ مفت آٹا پیکیج کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خیبر پختونخوا کے 57 لاکھ سے زائد گھرانوں میں آٹا تقسیم کیا جائے گا۔مجموعی طور پر ریلیف پیکیج سے 3کروڑ 68 لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے جو صوبے کی کل آبادی کا 91 فیصد بنتا ہے۔ ہر مستحق رجسٹرڈ گھرانے کو ایک ہی دفعہ دس کلوگرام آٹے کے تین تھیلے دیئے جائیں گے۔ ایک کروڑ 72 لاکھ سے زائد 10 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کے لئے 2لاکھ 47 ہزار 5 سو میٹرک ٹن گندم درکار ہے۔ مذکورہ پیکیج کیلئے صوبائی حکومت 19 ارب 77 کروڑ روپے سبسڈی دے رہی ہے۔ رمضان ریلیف پیکیج کی تقسیم کے لئے 7600 سے زائد سیل پوائنٹس قائم کئے جائینگے جن میں سے 6000 محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ جبکہ 1600 سیل پوائنٹس یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن قائم کرے گی۔مزید بتایا گیا کہ محکمہ خوراک نے رمضان پیکج کے لئے ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں۔ فوڈ ڈائریکٹریٹ میں 24/7 فعال کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری آفس میں رمضان پیکیج کی موثر نگرانی کیلئے ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح ایپلیکیشن کے ذریعے پشاور میں آزمائشی بنیاد پر آٹے کی تقسیم کی کامیاب مشق بھی کی گئی ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ جو مستحق خاندان بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل نہیں وہ قریبی دفتر جا کر خود کو رجسٹرڈ کروا کر 24 گھنٹوں کے اندر رمضان ریلیف پیکیج کے حقدار بن سکتے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72754