Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نوجوان نسل ملک وقوم کاقیمتی سرمایہ ہے،ملکی ترقی میں نوجوانوں کواپنا مثبت کردار ادا کرناہوگا،گورنرغلام علی

شیئر کریں:

نوجوان نسل ملک وقوم کاقیمتی سرمایہ ہے،ملکی ترقی میں نوجوانوں کواپنا مثبت کردار ادا کرناہوگا،گورنرحاجی غلام علی

بحیثیت ضلع ناظم پشاور کی خوبصورتی اورعوام کوسہولیات کی فراہمی کیلئے تاریخی اور ریکارڈ ترقیاتی کام کئے،گورنرکاگورنمنٹ کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب
گورنرنے گورنمنٹ کالج کے دورہ کے دوران کالج میں نئے اکیڈمک بلاک کاسنگ بنیادرکھا،تقریب میں میئرپشاورحاجی زبیرعلی، چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ اورپشاور سے سیاسی و سماجی شخصیات کی بھی شرکت
ضم اضلاع میں فری میڈیکل کیمپس لگائے جائیں، ڈاکٹر اپنی خدمات پیش کریں، مفت ادویات فراہم کریں گے،گورنرحاجی غلام علی کارحمن ڈینٹسٹری کالج میں ورلڈ اورل ہیلتھ ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ نوجوان نسل ملک وقوم کاقیمتی سرمایہ ہے، ملکی ترقی میں نوجوانوں کواپنا مثبت کردار ادا کرناہوگا۔ بحیثیت ضلع ناظم پشاور کی خوبصورتی اورعوام کوسہولیات کی فراہمی کیلئے تاریخی اور ریکارڈ ترقیاتی کام کئے اور آئندہ بھی نہ صر ف پشاور بلکہ پورے صوبے بشمول ضم اضلاع کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج فقیر آباد میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب میں میئر پشاور حاجی زبیر علی، چیئر مین پشاور تعلیمی بورڈ نصر اللہ خان، پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ڈاکٹرتاج الدین، چیئرمین اخونزادہ زاہداللہ شاہ، چیئرمین شاہان، کالج کی فیکلٹی اراکین سمیت علاقے کے معززین، سماجی وسیاسی شخصیات اور طلباء نے شرکت کی۔ کالج پہنچنے پر گورنر کا شاندار استقبال کیاگیا۔ اس موقع پرگورنرنے بورڈ امتحانات پری میڈیکل،پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اور آرٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کواسناد دی جبکہ انٹر کالجز سپورٹس مقابلوں کے دوران مختلف کھیلوں بیڈمنٹن، باسکٹ بال، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، رسہ کشی سمیت دیگر کھیلوں میں بہترین کارکردگی پرطلباء کو انعامات بھی دیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرکاکہناتھاکہ صوبائی دارالحکومت پشاور میرا گھرہے، اس کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے ہردورمیں اپناحصہ ڈالا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور جو اعتماد اہلیان پشاورنے اُن پر کیا ہے اس اعتماد پر ہمیشہ پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ ہر کام میں خلوص، جذبہ اور جہد مسلسل ضرورہوناچاہئیے پھر اللہ تعالی خود بخود آپ کی کامیابی کیلئے راستے کھولیں گے۔ انہوں نے تقریب میں موجود طلباء پر زوردیا کہ وہ اپنے کردار، اخلاق، اسلامی اقدار وروایات، شائستگی اور صبر وحوصلے سے زندگی میں آگے بڑھنے کی صلاحیت پیدا کریں توآپ زندگی میں کبھی بھی مایوس نہیں ہوں گے۔ گورنرنے کہاکہ صوبے کی تمام تعلیمی اداروں میں جدید دور سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکربہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن سے طلباء کونہ صرف براہ راست فائدہ ہوگا بلکہ ان کیلئے مزید آسانیاں بھی پیداہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ آج کل انٹرنیٹ کا دور ہے، جتنی بھی معلومات ہیں وہ صرف ایک کلک کی دوری پر ہے اور طلباء کو خصوصی طور پر ان سہولیات سے مثبت طریقے سے فائدے اٹھانے چاہیے۔گورنرنے گورنمنٹ کالج میں اعلی و معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی پر کالج انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

 

انہوں نے اس موقع پر کالج کے تاریخی و مرکزی ہال کو پورے پشاورشہر کا سب سے خوبصورت ہال بنانے اور اسکی تعمیر اور مرمت کا اعلان کیا اورکہاکہ کالج میں پارکنگ کیلئے بھی مناسب بندوبست کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اپنے دورہ کے دوران گورنر نے کالج میں نئے اکیڈیمک بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ تقریب سے میئر پشاورحاجی زبیرعلی نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ پشاور شہر کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کالج انتظامیہ کو کالج کی مزید بہتری کیلئے اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ حاجی زبیرعلی نے کالج کے ہونہار طالب علم محمد توقیر ضیاء کیلئے سال2021 اور 2022 میں پشاور بورڈکے امتحانات میں ٹاپ کرنے پر اپنی جانب سے50,000/- روپے انعام کا اعلان بھی کیا جبکہ تقریب میں خوبصورت انداز سے ملی نغمہ پیش کرنے و الے طالب علم اشراق زبیری کیلئے گورنرنے 10 ہزارروپے نقدانعام دیا۔

علاوہ ازیں گورنرحاجی غلام علی نے حیات آباد میں رحمان کالج آف ڈینٹسٹری میں اورل ہیلتھ کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کا کہناتھاکہ ورلڈ اورل ہیلتھ ڈے دنیا بھر میں عموماً ہر سال 20 مارچ کو منایا جاتا ہے جس کامقصد منہ کی صحت کی اہمیت کے بارے میں عوام میں شعور اجاگرکرناہے۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت مسلمان ہمیں 1400 سال پہلے پاکیزگی اور صحت کے بارے میں ہمارے دین نے بتادیاتھا اور دن میں پندرہ دفعہ منہ، ہاتھ، پاؤں دھونے کا کہا۔ مسواک منہ کی پاکیزگی اور اللہ تعالی کی خوشنودی کاسبب ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی بیشتر آبادی کا حصہ منہ کی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں لیکن وہ اسے نظر انداز کر دیتے ہیں،منہ کی دیکھ بھال نہ کرنا صحت کے مسائل کی ایک حد کا باعث بن سکتا ہے، ضروری ہے کہ ہم اپنے دانتوں اور مسوڑھوں کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں اور صفائی کو یقینی بنائے رکھیں۔ تقریب میں پرنسپل رحمان کالج آف ڈینٹسٹری پروفیسرڈاکٹرغلام رسول، پروفیسر ڈاکٹر عدنان اسلم، پروفیسر ڈاکٹرعفیف عمر اوردیگرڈاکٹرز اورطب کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر کو آر ایم آئی کی جانب سے پشاور سمیت مختلف اضلاع میں فری میڈیکل کیمپس کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گورنرنے فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد کوسراہا اور کہاکہ ضم اضلاع میں بھی فری میڈیکل کیمپس لگائے جائیں، ڈاکٹر اپنی خدمات پیش کریں، مفت ادویات فراہم کریں گے۔ اس موقع پر گورنرنے 5 ڈینٹل کالجز کے درمیان مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی پر طلباء وطالبات میں اسنادبھی تقسیم کئے۔

chitraltimes governor kp addressing govt college pesh 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72608