Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مردم و خانہ شماری کے تحت ملاکنڈ ڈویژن میں ہاؤس ہولڈ لسٹنگ کا مرحلہ مکمل، اپرچترال میں برف پوش علاقوں تک رسائی بروقت یقینی بنانے پر ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہاگیا

Posted on
شیئر کریں:

مردم و خانہ شماری کے تحت ملاکنڈ ڈویژن میں ہاؤس ہولڈ لسٹنگ کا مرحلہ مکمل، ہاؤس ہولڈ اینومیریشن پر پیشرفت جاری، ادارہ شماریات کی کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کو بریفنگ

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے ٹیموں کی مجموعی کارکردگی اور خصوصاً چترال اپر میں برف پوش علاقوں تک رسائی بروقت یقینی بنانے پر ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔

سوات (نمائندہ چترال ٹائمز) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کی زیرِ صدارت ملاکنڈ ڈویژن میں جاری مردم و خانہ شماری کے حوالے سے جائزہ اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے زریعے شرکت کی۔ اجلاس میں خانہ شماری، سیلف اینومیریشن اور مردم شماری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ادارہ شماریات پاکستان کے ریجنل حکام نے اجلاس کو عمومی پیشرفت اور مسائل پر بریف کیا۔ ڈویژنل سینسس انچارج ادارہ شماریات پاکستان شوکت علی خان کا اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پائیلٹ سینسس، سیلف اینومیریشن اور ہاؤس ہولڈ لسٹنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاؤس ہولڈ اینومیریشن کا مرحلہ شروع کیا جاچکا ہے جس پر تسلی بخش پیشرفت جاری ہے۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4479 سٹاف پر مشتمل مردم و خانہ شماری کا تجربہ کار عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور کام جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دور افتادہ برف پوش پہاڑی علاقوں میں موجود آبادیوں تک رسائی ٹیموں کے لئے ایک چیلنج ثابت ہورہا ہے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ خصوصی اقدامات کرتے ہوئے ٹیموں کو خصوصی معاونت کررہے ہیں۔ اجلاس میں گنجان آباد علاقوں میں بگ بلاکس اور مقامی زبانوں کو لسٹ میں اندراج کا مسلہ بھی زیرِ بحث آیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے ٹیموں کی مجموعی کارکردگی اور خصوصاً چترال اپر میں برف پوش علاقوں تک رسائی بروقت یقینی بنانے پر ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے بگ بلاکس مسئلہ پر اضافی ٹیمیں متعین کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلف اینومیریشن کا مرحلہ اور ہاؤس ہولڈ لسٹنگ وقت پر مکمل ہونا خوش آئند ہے۔ کمشنر شاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ مردم و خانہ شماری نہایت ہی اہم کام ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ٹیموں کو مکمل تعاون فراہم کی جائے۔


شیئر کریں: