Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توشہ خانہ، عمران خان،آصف زرداری سمیت بڑی شخصیات کی تفصیلات نے ہلچل مچا دی

Posted on
شیئر کریں:

توشہ خانہ، عمران خان،آصف زرداری سمیت بڑی شخصیات کی تفصیلات نے ہلچل مچا دی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے 2002 سے لے کر اب تک کے توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ پبلک کردیا ہے۔446 صفحات پر مشتمل 2002 سے لے کر 2023 کے ماہ رواں تک توشہ خانہ کے تحائف کا ریکارڈ جاری کیا گیا ہے جس میں صدر، وزراء اعظم اور وفاقی وزرا کے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات شامل ہیں، رواں سال 2023 میں موجودہ حکومت نے 59 تحائف وصول کیے ہیں۔ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں توشہ خانہ میں 224 تحائف موصول ہوئے، 2021 میں 116 تحائف، 2018 میں 175 تحائف اور 2014 میں 91 جب کہ 2015 میں 177 تحائف حکومتی ذمہ داران نے وصول کیے۔پبلک کیے جانے والے ریکارڈ میں سابق صدر مملکت پرویز مشرف، سابق وزرائے اعظم شوکت عزیز، سید یوسف رضا گیلانی، میاں نوازشریف، راجہ پرویز اشرف اور عمران خان سمیت دیگر کے نام شامل ہیں جب کہ موجودہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور صدرعارف علوی کے توشہ خانہ تحائف بھی شامل ہیں۔سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ساڑھے 8 کروڑ روپے کی ڈائمنڈ گولڈ گھڑی حاصل کی، انہوں نے 56 لاکھ 70 ہزار روپے کے کف لنکس کا جوڑا حاصل کیا، 15 لاکھ روپے کا قلم اور 87 لاکھ 50 ہزار روپے کی انگوٹھی رکھی۔

 

سابق وزیراعظم عمران خان نے چاروں اشیا کے 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے ادا کیے، اس کے علاوہ عمران خان نے 38 لاکھ روپے کی ایک اورگھڑی 7 لاکھ 54ہزارروپے اداکرکے حال کی۔نواز شریف نے توشہ خانہ سے 42 لاکھ سے زائد مالیت کی گاڑی چند لاکھ روپے ادا کرکے رکھ لی۔اس کے علاوہ انتہائی قیمتی گھڑی، کف لنکس، گلاس کا سیٹ اور قالین بھی حاصل کیا۔ سابق وزیراعظم نے 11 لاکھ 85 ہزار مالیت کی گھڑی رکھی۔انہوں نے 25 ہزار روپے مالیت کے کف لنکس اور ایک عدد قلم بھی رکھا،نواز شریف نے 15 ہزارمالیت کے 4 کویتی یادگاری سکے بھی توشہ خانہ سے حاصل کیے۔سابق وزیراعظم نے ان تینوں اشیا کے لئے 2 لاکھ 43 ہزار روپے ادا کیے۔ان کو ملنے والی کار کی مالیت 42 لاکھ55 ہزار 919 روپے لگائی گئی جو انہوں نے 6 لاکھ 36 روپے ادا کر کے رکھ لی۔

 

آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے تین گاڑیاں حاصل کیں، دو بی ایم ڈبلیو اور ایک ٹویوٹا لیکسز ایل ایکس 470 شامل ہیں۔ان کروڑوں کی گاڑیوں کی قیمت لاکھوں میں ادا کرکے حاصل کی گئیں۔ اس کے علاوہ سابق صدر نے 25 ہزار مالیت کا گھوڑے کا ماڈل، 50 ہزار مالیت کا پستول توشہ خانہ سے حاصل کیا۔آصف علی زرداری نے دونوں اشیا 9 ہزار 750 روپے میں حاصل کیں۔سابق صدر نے ساڑھے 12 لاکھ مالیت کی گھڑی اور 14 ہزار600 مالیت کا گولڈ پلیٹڈ کویتی سکے کا ماڈل رکھا۔سابق صدر نے 6 ہزار 800 مالیت کاسلورپلیٹڈکویتی سکے کاماڈل بھی حاصل کیا، انہوں نے تینوں اشیا کے ایک لاکھ 89 ہزار روپے اداکئے۔مریم نواز اور کلثوم نواز نے توشہ خانہ سے کھانے پینے کی مختلف اشیا مفت میں حاصل کیں۔

 

شہباز شریف نے بھی گائے کا ماڈل، صراحی، وال، باول، خنجر سمیت مختلف اشیا مفت میں اپنے پاس رکھ لیں۔سابق وزیرخزانہ عمرایوب نے ساڑھے4لاکھ کی گھڑی توشہ خانہ میں دی۔سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے سب سے زیادہ تحائف حاصل کیے، کم مالیت کے بیشتر تحائف وصول کنندگان نے قانون کے مطابق بغیر ادائیگی کے حاصل کئے،واضح رہے کہ 2002 میں 10ہزار روپے سے کم مالیت کے تحائف بغیر ادائیگی رکھنے کا قانون تھا اور 10 ہزار تا4لاکھ روپے کے تحائف 15فیصدرقم ادا کرکے رکھنے کی اجازت تھی جبکہ 4 لاکھ سے زائد مالیت کے تحائف صدریا حکومتی سربراہان کو رکھنے کی سہولت حاصل تھی۔2018 میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 2 کروڑ 50 لاکھ مالیت کی گھڑی تحفے میں ملی۔اپریل2018 میں شاہدخاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ عباسی کو 55 لاکھ مالیت کی گھڑی ملی۔2018 میں شاہد خاقان کے بیٹے نادر عباسی کو ایک کروڑ 70 لاکھ مالیت کی گھڑی تحفے میں ملی۔گھڑی کی قیمت 33 لاکھ 95 ہزار روپے توشہ خانہ میں جمع کروا کر گھڑی حاصل کی گئی۔

 

 

عمران خان کو گرفتار کرنے اسلام آباد پولیس کی ٹیم ہیلی کاپٹر پر لاہور پہنچ گئی

اسلام آباد(سی ایم لنکس) اسلام آباد پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ہیلی کاپٹر میں لاہور پہنچ گئی ہے۔ لاہور پولیس سے اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ لے کر لاہور پہنچی ہے۔ عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔ اسلام آباد کی عدالت کے جج ظفر اقبال نے عمران خان کو گرفتار کرکے 18 مارچ مارچ کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عمران خان کے آج خاتون جج دھمکی کیس میں بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72516