Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

الیکشن کمیشن حکام کا گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی سے الیکشن شیڈول حوالے منعقدہ  مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم، پنجاب اسمبلی انتخابات 30 اپریل کو ہونگے، الیکشن کمیشن

شیئر کریں:

الیکشن کمیشن حکام کا گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی سے الیکشن شیڈول حوالے منعقدہ  مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ختم، پنجاب اسمبلی انتخابات 30 اپریل کو ہونگے، الیکشن کمیشن

دو گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقدہوا، عام انتخابات کیلئے تاریخ کے حوالے سے مشاورت آخری مراحل میں داخل
آئندہ ہفتہ گورنر حاجی غلام علی کی الیکشن کمیشن اسلام آباد میں حتمی مشاورت کیلئے ملاقات ہوگی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) سپریم کورٹ آف پاکستان کی احکامات کی روشنی میں گورنرہاوس پشاور میں الیکشن کمیشن کی نامزدکردہ ٹیم نے گورنرہاوس پشاور کا دورہ کیا اور گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے صوبائی اسمبلی کے انتخابات سے متعلق تاریخ پر مشاورت کی۔ الیکشن کمیشن کی نامزد کردہ ٹیم میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمیدخان، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال حسین اور ڈائریکٹرجنرل لاء ارشد خان شامل تھے جبکہ اجلاس میں گورنرسیکرٹریٹ سے پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر محمودحسن، ایڈیشنل سیکرٹری برائے گورنرسیف الاسلام شریک ہوئے۔ گورنر نے الیکشن کمیشن کے وفد کوگورنرہاوس آمد پرخوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلہ پرمن وعن عملدرآمد کیاجائیگا اورآج کا اہم مشاورتی اجلاس اسی ہی سلسلے کی کڑی ہے،گورنر نے الیکشن کمیشن کی ٹیم کو صوبے کی امن وامان سمیت مجموعی صورتحال پر تفصیلی طور پر آگاہ بھی کیا، گورنر ہاؤس میں 2 گھنٹے تک جاری رہنے والے مشاورتی اجلاس میں عام انتخابات کیلئے تاریخ کے حوالے سے مشاورت آخری مراحل میں داخل ہوگئی اور گورنر خیبرپختونخوا آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن اسلام آباد میں حتمی مشاورت کیلئے جائیں گے۔ قبل ازیں اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر کو صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے بعد مختلف خط وکتابت پربریفنگ دی اور عدالتی احکامات کی روشنی میں گورنر سے تاریخ دینے پر تفصیلی مشاورت کی۔

 

علاوہ ازیں گورنر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انسداد پولیو مہم، ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے زیراہتمام پشاور میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میں نگران صوبائی وزیر حامد شاہ، چیف سیکرٹری امداداللہ بوسال،صوبائی محتسب برائے تحفظ خواتین رخشندہ ناز،سابق اراکین صوبائی اسمبلی ثمرہارون بلور، ربعہ بصری،یونیسف کے نمائندوں اور انسداد پولیو مہم میں شامل خواتین ورکرز سمیت مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی شریک تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرکاکہناتھاکہ دین اسلام نے خاتون کو بطور بہن، بیٹی، ماں، بیوی تمام حقوق دئیے ہیں۔اسلامی تعلیمات پر عمل سے ہی خواتین سمیت تمام انسانوں کے حقوق کا پتہ چلتا ہے،دین اسلام نے آج سے 1400 سال پہلے وراثت میں خواتین کو حق دے دیا اور یہ وہ حق اورقانون الہی ہے جس میں تاقیامت ترمیم نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ
دور جاہلیت میں بیٹیوں کو دفن کر دیا جاتا تھا،خواتین کو اگر کسی نے برابری کے حقوق دیئے تو وہ دین اسلام نے دیئے ہیں۔آج کی خاتون تعلیم یافتہ، باشعور اور خودمختار ہے، انہوں نے انسداد پولیو مہم میں شامل خواتین کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پولیو ٹیم میں شامل خواتین اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔#

 

پنجاب اسمبلی انتخابات 30 اپریل کو ہونگے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کاشیڈول جاری کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30اپریل کو ہونگے، ریٹرننگ افسر گیارہ مارچ کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 12سے 14مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال 22مارچ کو ہوگی اور امیدواروں کو انتخابی نشان 6اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کومخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست 14مارچ تک ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرانی ہوگی۔


شیئر کریں: