
گورنر خیبر پختونخوا نے صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط کا جواب ارسال کر دیا
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط کا جواب ارسال کر دیا
پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط کا جواب ارسال کر دیا، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو ارسال کردہ خط میں صوبہ میں عام انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو مشاورت کیلئے بلا لیا ہے، گورنر حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو مشاورت کیلئے 7 اور 8 مارچ کی تاریخ تجویز کر دی ہے، گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل در آمد کیا جائے گا۔
رمضان میں سستے آٹے کی دستیابی، بجلی و گیس کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو سفارش کی جائے گی، حاجی غلام علی
پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت معاشی مشکلات کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم وفاق اور صوبائی حکومتیں عوام کو ہر ممکن آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں سابق گورنر اقبال ظفرجھگڑا اور عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر ہارون بلور اور دیگر عوامی نمائندوں سے الگ الگ ملاقات کے دوران کی۔ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا، ثمر ہارون بلور اور دیگر عوامی نمائندوں نے صوبہ کے عوام کو رمضان میں میں سستا آٹا اور بجلی و گیس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو سفارش کرنے کا بھی کہا جس پر گورنر کا کہنا تھا کہ صوبہ میں نگران وزیراعلٰی کی پوری کوشس ہے کہ وہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں،عوام۔کو سستا آٹے کی فراہمی سے متعلق صوبائی حکومت پوری طرح سے واقف ہے اور ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو بالخصوص رمضان کے مہینے میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائے، انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی کی رمصان کے مہینے میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نہ ہو بالخصوص سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، گورنر کا کہنا تھا کہ ملکی موجودہ معاشی صورتحال میں ہم سب کو متحد ہو کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، وہی قومیں ترقی کر جاتی ہیں جو کٹھن حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو تیار رکھتی ہیں۔#