Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے خیبرپختونخوا میں بھی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا باضابطہ اجراءکر دیا

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے خیبرپختونخوا میں بھی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا باضابطہ اجراءکر دیا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ملک بھر میں ساتویں مردم شماری کے سلسلے میں خیبرپختونخوا میں بھی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا باضابطہ اجراءکر دیا ہے۔اس سلسلے میں بدھ کے روز وزیراعلی ہاوس پشاور میں ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ادارہ شماریات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔نگران وزیر اعلی محمد اعظم خان نے وزیر اعلیٰ ہاوس کے گیٹ پر نمبر درج کرکے خانہ شماری کے عمل کا اجراءکیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی ترقی کے سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کے لیے مردم و خانہ شماری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔مردم شماری سے حاصل شدہ اعدادوشمار کی بنیاد پر ہی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی فلاح و بہبود کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مردم شماری صرف لوگوں کی گنتی کا عمل ہی نہیں بلکہ یہ آبادی میں اضافے کی شرح اور دیہی و شہری آبادی کی تقسیم کے علاوہ اہم سماجی و معاشی عوامل کی نشاندہی کرتی ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس دفعہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہو رہی ہے جس میں قلم اور کاغذ کے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیاجارہا ہے اور شہریوں کو اپنی رجسٹریشن خود کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔ محمد اعظم خان نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں اپنے اور اپنے گھر والوں کے کوائف کا درست اندراج ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے عمل میں مردم شماری ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے گھر والوں کے کوائف کا درست اندراج یقینی بنا کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

 

اسی طرح چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال نے ساتویں قومی مردم و خانہ شماری کاچیف سیکرٹری ہاوس پشاور سے افتتاح کر دیا۔ ادارہ شماریات پاکستان کے حکام اور مردم شماری عملہ نے چیف سیکرٹری کی رہائش گاہ سے خانہ شماری شروع کردی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے اپنے گھر پر شماریاتی نمبر درج کیا اور عملے نے انکے کوائف ٹیبلٹ کے ذریعے درج کیئے۔چیف سیکرٹری نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کیلئے خانہ و مردم شماری بہترین عمل ہے۔چیف سیکرٹری نے مردم شماری کے عملے اور اس منصوبے کی بہتر انداز سے تکمیل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ مردم شماری کے عملے کے ساتھ تعاون کرکے اس قومی فریضے کی کامیابی کے ساتھ انجام دہی میں اپنا کردار ادا کریں۔ادارہ شماریات پاکستان کے حکام نے کہا کہ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری یکم مارچ سے یکم اپریل تک دو مراحل میں جاری رہے گی۔ پہلے مرحلے میں تین دن خانہ شماری اور عمارتوں کو شماریاتی نمبرز لگائے جائیں گے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔ مردم شماری میں ٹیمیں گھر گھر جاکر خاندان و افراد کا اندراج کریں گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72074