Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شہریوں کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ چیف سیکرٹری

Posted on
شیئر کریں:

شہریوں کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال
جہاں باقاعدہ یوٹیلیٹی سٹور نہیں وہاں سیلز پوائنٹس اور موبائل سٹور کی سہولت دی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ
رمضان سستا بازاروں میں بھی یوٹیلیٹی سٹور کا ایک ایک سیلز پوائنٹ لگانے کا فیصلہ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) رمضان المبارک میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے خیبر پختونخوا میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے موبائل یونٹس اور سیلز پوائنٹس کے انعقاد بارے میں اعلی سطحی اجلاس منگل کے روز ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ جس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال، وفاقی سیکرٹری انڈسٹریز، صوبائی انتظامی سیکرٹریز سمیت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے سٹورز، موبائل یونٹس اور سیلز پوائنٹس کے قیام اور اشیائے ضروریہ کی رعایتی نرخوں پر دستیابی کے لئے اقدامات بارے میں تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے صوبے بھر میں 1844 سٹورز کا جھال بچھا ہوا ہے اور امسال رمضان کے لئے اشیائے خوردونوش میں آٹا 16830 میٹرک ٹن، چینی 8925 میٹرک ٹن، گھی 8160 میٹرک ٹن، دال چنا 561 میٹرک ٹن، دال مسور 278 میٹرک ٹن، سفید چنا 574 میٹرک ٹن، باسمتی چاول 574 میٹرک ٹن، سیلا چاول 230 میٹرک ٹن، اور ٹوٹا چاول 701 میٹرک ٹن مختص کئے گئے ہیں۔

 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے جہاں باقاعدہ سٹور نہیں وہاں سیلز پوائنٹس اور موبائل یونٹس کی سہولت دی جائے گی اسی طرح ضم اضلاع میں سب ڈویژنل یا تحصیل ہیڈ کوارٹر کی سطح پر سٹور قائم کئے جائیں گے۔ مزید برآں صوبے میں قائم ہونے والے رمضان سستا بازاروں میں بھی یوٹیلیٹی سٹور کا ایک ایک سیلز پوائنٹ لگایا جائے گا۔چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال نے ہدایت کی کہ محکمہ خوراک اور بلدیات ضرورت کے مطابق سٹورز اور سیلز پوائنٹ مقامات کا تعین کرکے یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کے حکام کے ساتھ شئیر کریں تاکہ ماہ مقدس میں شہریوں کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی ممکن بنائی جا سکے۔ اسی طرح محکمہ داخلہ، یوٹیلیٹی سٹور کے موبائل یونٹس کی سیکورٹی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72047