Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کی جامعات تحقیق اور جدید دور سے ہم آہنگ تعلیم دینے پر توجہ مرکوز رکھیں،گورنر حاجی غلام علی

شیئر کریں:

صوبے کی جامعات تحقیق اور جدید دور سے ہم آہنگ تعلیم دینے پر توجہ مرکوز رکھیں،گورنر حاجی غلام علی

گورنر کا دورہ سوات، یونیورسٹی آف سوات میں بلینڈڈ لرننگ کارنر کا افتتاح، طلباء میں تعلیمی وظائف تقسیم کئے

گورنر کی سوات میں مدرسہ داراالعلوم آمد، طلباء نے پرتپاک استقبال کیا،

سوات ( نمایندہ چترال ٹایمز ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صوبے کی اعلی تعلیمی اداروں کی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے، جامعات کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہارگورنرنے گذشتہ روز دورہ ملاکنڈ کے دوران یونیورسٹی آف سوات کے دورہ کے موقع پریونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کے دوران کیاہے۔اس موقع پر گورنر کے ہمراہ نگران صوبائی وزراء حامد شاہ، محمد علی شاہ، شفیع اللہ خان سینیٹر ہدایت اللہ خان اور وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرحسن شیر، کمشنر سوات بھی موجود تھے۔ گورنرنے سوات یونیورسٹی میں آن لائن بلینڈڈ لرننگ ایجوکیشن کے لیے بلینڈڈ لرننگ کارنر اور کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مھم کا بھی افتتاح کیا جبکہ طلباء میں یونیورسٹی کیجانب سے وظائف بھی تقسیم کئے۔ گورنرنے یونیورسٹی میں بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی معاملات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبے کی جامعات تحقیق اور جدید دور سے ہم آہنگ تعلیم دینے پر توجہ مرکوز رکھیں اور ایک ایسی تعلیم یافتہ افرادی قوت تیار کرنے میں کردار ادا کریں جو نہ صرف ملکی ترقی میں اپنا کردار بخوبی نبھا سکیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے یونیورسٹی میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں پر بھی زور دیا تاکہ طلباء کو سپورٹس کی سہولیت میسر آ سکیں، گورنرنے کہاکہ کہ لائیوسٹاک بلڈنگ یونیورسٹی میں ضم کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے صوبائی حکومت کے ذریعے بات کرینگے۔

علاوہ ازیں گورنر حاجی غلام علی دورہ سوات کے دوران مولانا نورمحمد کی دعوت پر مدرسہ دارالعلوم گئے جہاں طلباء،تاجروں اور عوام علاقہ نے انکا پرتپاک استقبال کیا اور اپنے درمیان گورنر کو موجود پا کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ گورنر نے قاری فتحت اللہ اور ثناء اللہ کی دعوت پر انکی رہائشگاہ بھی گئے۔اس موقع پرنگران صوبائی وزراء حامد شاہ، محمدعلی شاہ،سینیٹرہدایت اللہ خان،مولانا حجت اللہ، سید قمر، تاجربرادری، سوات چیمبر آف کامرس کے رفعت علی اور حاجی احمد بھی موجود تھے۔ گورنرکا قاری فتحت اللہ اور ثناء اللہ کی رہائشگاہوں پہنچے پر عوام علاقہ نے پرتپاک استقبال کیا اور عوام علاقہ نے گورنرکو مسائل اورمشکلات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب میں گورنرنے سوات کے عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال اور پیارومحبت دینے پر دلی شکریہ ادا کیا اورکہاکہ اٌن کی زندگی کا محور عوام کی بے لوث خدمت ہے، عوام کی خدمت و تعاون کر نے سے انہیں دلی خوشی محسوس ہوتی ہے، انہوں نے کہاکہ بلاتفریق اور بے لوث عوامی خدمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور وہ عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور انہیں بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت عوام کے مشکلات حل کرنے کے لئے کوشش کر رھے ھیں#

chitraltimes governor kp Ghulam ali visit madrasa swat


شیئر کریں: