Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مردم شماری عملہ یکم مارچ سے یکم اپریل 2023 کے دوران گھر گھر جاکر معلومات اکٹھا کرے گا۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

مردم شماری عملہ یکم مارچ سے یکم اپریل 2023 کے دوران گھر گھر جاکر معلومات اکٹھا کرے گا۔چیف سیکریٹری

جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کیلئے خانہ و مردم شماری کا اہم کردار ہے۔ چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال۔
پہلی ڈیجیٹل مردم شماری میں خود شماری کی سہولت دی گئی ہے۔ بریفنگ۔

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا امداد اللہ بوسال نے کہا ہے کہ مردم شماری آبادی کی تفصیلی گنتی ہے۔ منصوبہ بندی، ترقی اور وسائل کی تقسیم کے لئے معیاری ڈیٹا کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسی معلومات کے حصول کے لئے مردم شماری ایک بہترین عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری نے صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے مردم شماری کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اکرام اللہ، کمشنر مردم شماری صلاح الدین، انتظامی سیکرٹریز، سیکرٹری بلدیات، داخلہ، تعلیم، ایڈمنسٹریشن، سکیورٹی حکام اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ساتویں خانہ و مردم شماری (پہلی ڈیجیٹل مردم شماری) ہے جس میں محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں کے اہلکار خدمات انجام دیں گے۔ ساتویں خانہ و مردم شماری میں خود شماری کی سہولت بھی دی گئی ہے جس میں تمام افراد اپنی اور اپنے خاندان کی معلومات ادارہ شماریات پاکستان کے آن لائن ویب پورٹل پر بھی درج کراسکتے ہیں۔ تاہم شمار کنندگان یکم مارچ سے یکم اپریل 2023 تک گھر گھر جاکر معلومات حاصل کریں گے اور تمام افراد و خاندانوں کا اندراج کریں گے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے مردم شماری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے جس کی خوش اسلوبی کیساتھ انجام دہی میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کا کردار بہت اہم ہے اور اس کیلئے شمار کنندگان کو تمام مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔ شمارکنندگان اور جواب دہندگان کے درمیان تعاون کامیاب مردم شماری کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانہ و مردم شماری میں ڈیجیٹائزیشن کے استعمال سے ڈیٹا کے معیاری ہونے کے عنصر کو تقویت ملے گی۔ مردم شماری میں ادارہ شماریات پاکستان، نادرا، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی و دیگر ادارے اپنا بہتر کردار ادا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائیں۔

chitraltimes chief secretary imdadullah chairing digital census meeting

 

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہداللہ خان کی زیر صدارت اجلاس، ساتویں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

سوات (نمائندہ چترال ٹائمز) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہداللہ خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا جس میں ساتویں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات، شانگلہ اور ڈویژنل سنسز آفیسر ملاکنڈ ڈویژن نے شرکت کی جبکہ ڈویژن کے باقی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں یکم مارچ 2023 سے شروع ہونے والی مردم و خانہ شماری کیلئے گھر گھر مہم کیلئے انتظامات مکمل کرنے اور بطریقہ احسن یہ قومی فریظہ اختتام تک پہنچانے کے لئے تمام عمل کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر ملاکنڈ کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے جس کیلئے سروے سٹاف کو ٹریننگ کا سلسلہ مکمل کر لیا گیا ہے اور گھر گھر سروے کا آغاز یکم مارچ 2023 سے ہوگا۔کمشنر ملاکنڈ نے مزید کہا کہ مستقبل کی ضروریات جاننے کیلئے مردم شماری کا ایک اہم اور کلیدی کردار ہے اور اس قومی فریضہ کو خوش اسلوبی کیساتھ انجام دینے کیلئے ملاکنڈ ڈویژن کے باسیوں سے درخواست کیجاتی ہے کہ مردم شماری کے سروے ٹیم کیساتھ مکمل تعاون کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72007