Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملک و قوم کے لیے ہر قسم کے لگثری آئٹمز اورامپورٹڈ اشیاءکا بائیکاٹ وقت کی اہم ضرورت ہے, غلام علی

شیئر کریں:

ملک و قوم کے لیے ہر قسم کے لگثری آئٹمز اور امپورٹڈ اشیاءکا بائیکاٹ وقت کی اہم ضرورت ہے ، گورنر حاجی غلام علی

امپورٹ کے مقابلے میں ہماری ایکسپورٹ اونٹ کے منہ میں زیرے برابر بھی نہیں ، ترقی کیسے ممکن ہو سکتی ہے ، ہر ایک شعبے اور طبقے کو حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کامیابی کے لیے آنکھیں بند نہیں کرنی ، مشکلوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ، بزنس کمیونٹی سے خطاب

الیکشن کی تاریخ دینے سے انکار نہیں کیا، لیکن ، موجودہ حالات پر مشاورت کیے بغیر ہوائی فیصلے بھی نہیں لیے جاسکتے ، ہر لحاذ سے منصوبہ بندی ضروری ہے ، میڈیا سے بات چیت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں وہ لوگ جو بیرونی اشیاءکا استعمال کرتے ہیں اور لگثری آئٹمز کے عادی ہیں انہیں ان سب چیزوں کو ترک کرنا ہوگا، ملکی مصنوعات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں ، ہم نے امپورٹ کی بجائے ایکسپورٹ کا گراف بلند کرنے کو جدوجہد کرنی ہے ، وقت تو مشکل ہے لیکن زندہ قومیں حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے ہی زندہ رہتی ہیں ، خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ دینے سے انکاری نہیں ہیں ، لیکن حالات سے نظریں بھی نہیں چرائی جاسکتیں ،صوبائی حکومت کے جواب اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مل کر فیصلہ لیا جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ کراچی کے دوران فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق نائب صدر فیاض مگو کی جانب سے ریجن ہوٹل کراچی میں دیے گئے پروقار عشایے کے دوران پورے صوبے کی بزنس کمیونٹی سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عشایے میں بطور مہمان خصوصی گورنر حاجی غلام علی کے ہمراہ خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزراءحاجی فضل الٰہی اور عدنان جلیل ، سابق صدر ایف پی سی سی آئی اور بزنس مین پینل کے چیئرمین میان انجم نثار ، کاسی چیمبر آف کامرس کے نائب صدر خرم طارق سعید ، فیڈریشن کے تمام سٹاف ، سینئر ممبران ، بزنس مین پینل ، ایگزیکٹیو کونسل ، جنرل باڈی ممبران ، انٹیریئر سندھ سے چیمبرز کے صدور ، نائب صدور ، بزنس کمیونٹی ، سندھ کی وویمن چیمبرز کی عہدیداران سمیت کراچی کے ممتاز صنعتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

 

منتظمین نے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو پوری بزنس کمیونٹی کی جانب سے مبارکباد دی اور کہا کہ وہ نہ صرف فیڈریشن کے سابق صدر اور بزنس مین پینل کے مرکزی جنرل سیکرٹری ہیں بلکہ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کے لیے باعث فخر و افتخار بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حاجی غلام علی کی بطور گورنر تعیناتی سے جہاں عوام سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے خوشی کا اظہار کیا کہ بلکہ پوری بزنس کمیونٹی دل سے اس لیے بھی خوش ہے کہ اب ان کے مسائل کا حل نہ صرف یقینی ہوگا بلکہ مستقبل کے لیے پائیدار پالیسیز بھی نصیب ہونگی اور مشکلات کا خاتمہ جلد ممکن ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا اس وقت سب سے اہم اور سب سے اولین فریضہ ہے جو ہم سب نے مل کر مشترکہ طور پر ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس وقت بھی ہم بطور قوم ایک نہ ہوئے تو پھر نقصان کہ ذمہ دار بھی ہم خود ہی ہونگے ۔ انکا کہنا تھا کہ آج بدقسمتی سے ہماری اکثریت آبادی ایمپورٹڈ اشیاءاور لگثری آئٹمز کے عادی ہیں ، جس کی وجہ سے ملک کی مصنوعات کی کوئی قدر و قیمت نہیں اور ہماری ایکسپورٹ کا گراف ہماری ایمپورٹ کے مقابلے کئی گنا ڈاون فال کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو مشکل سے نکالنے کے لیے ہمیں اپنی یہ تمام عادتیں چھوڑنا ہونگی ، زندگی کو سادہ طرز پر لانا ہوگا اور ان تمام تر ایمپورٹڈ اشیاءاور لگثری آئٹمز کا بائیکاٹ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میری عوام سے اور سب سے نہ صرف امید ہے بلکہ اپیل ہے کہ اس مشن میں ہم مل کر ثابت قدمی دکھائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ان عادتوں کی وجہ سے ایک کثیر زرمبادلہ ایمپورٹ پر صرف ہورہا ہے ۔

 

حکومت ہر لحاذ سے بزنس کمیونٹی اور عوام کی مشکلات سے باخبر ہے تاہم وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کا گلہ گھونٹ کر ملک و قوم کا سوچیں اور عملی قدم بڑھائیں ۔ تقریب میں میڈیا کی جانب سے سوال و جواب میں گورنر کا مذید کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ معاشی اور امن و امان کی صورتحال ہر ایک کے سامنے ہے ۔ ایسے حالات میں کسی طور بھی ہوائی فیصلے نہیں لیے جاسکتے ۔ جو بھی فیصلے لیے جائینگے وہ تمام تر پہلووں کو سب کے سامنے رکھنے ، ان کی آراءلینے اور مشاورت کے بعد لیے جائینگے ۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نے کسی طور بھی الیکشن کی تاریخ دینے یا الیکشن کے انعقاد سے انکار نہیں کیا بلکہ صرف اتنی خواہش ہے کہ حالات کے تناظر میں ذمہ داران کی مشاورت سے آگے بڑھا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے جو لیٹر لکھا ہے انتخابات کے حوالے سے اس میں صوبائی حکومت خیبر پختونخوا سے مشاورت کے لیے کہہ دیا ہے ۔ یہ ضروری ہے کہ عوام سمیت ہم سب کے سب موجودہ حالات کو مد نظر رکھیں ، مشاورت سے راہ ہموار کریں اور منصوبہ بندی کے تحت قدم آگے بڑھائیں ۔ صدر پاکستان کی جانب سے دی گئی تاریخ بارے تو تمام تر صورتحال میڈیا ہی پر چل رہی ہے ، مختلف آراءہیں ۔ خیبر پختونخوا کی نگران صوبائی حکومت کی طرف سے آنے والے جواب کے بعد الیکشن کے حوالے سے ایک دن میں آگاہ کرینگے ۔ قبل ازیں گورنر کے اعزاز میں کراچی کے معروف صنعتکار شوکت احمد کی جانب سے پر تکلف ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جہاں بزنس کمیونٹی سمیت دیگر تمام نے بھی شرکت کی ۔

chitraltimes governor kp visit karachi meeting with cm


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71859