Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام شب معراج کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد

Posted on
شیئر کریں:

چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام شب معراج کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد

کراچی ( چترال ٹایمز رپورٹ ) چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام شب معراج کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں چترال و گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے معروف علماء کرام مولانا شفیق الرحمن گلگتی، مولانا شفیع چترالی، مولانا لطیف الرحمن لطف، فاتحہ خوان مزار قائد قاری محمد شمس الدین، مفتی ولی اللہ چترالی، مولانا کریم چترالی و دیگر نے شرکت کی.

اس کے علاوہ سابق وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال، چترال اور کھوار زبان کے معروف فنکار انصار الہی، ظاہر صفدر، معروف سماجی شخصیت حسین صفدر، پشاور سے الطاف الرحمن رومی سمیت کثیر تعداد میں چترالی کمیونٹی کے افراد نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سابق وائس چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال اور صدر محفل مولانا شفیع الرحمن گلگتی تھے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد انصار الہی، شہباز زائنی، حافظ ابراہیم چترالی نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض فضل رحیم بابا نے ادا کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے شب معراج کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ معراج رب العالمین کی بارگاہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی پذیرائی اور اعزاز کی عظیم تقریب تھی۔

علمائے کرام نے شب معراج پر خصوصی تقریب کے انعقاد پر چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دگرگوں حالات میں تنظیم نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی محبت میں تقریب کا انعقاد کرکے مدراس و یونیورسٹی کے طلباءکو ایک ساتھ بٹھایا اور چترال کے اہلسنت اور اسماعیلیہ فرقوں کو ایک جگہ اکٹھا کیا۔ یہ بہت ہی با برکت عمل ہے۔

تقریب کے آخر میں قاری شمس الدین نے چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے نئے صدر سمیت کابینہ سے حلف لیا۔ جنید فراز سی ایس ڈبلیو اے کراچی کے نئے صدر منتخب ہوئے۔ تقریب کے آخر میں سی ایس ڈبلیو اے کراچی کی جانب سے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔


شیئر کریں: