Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے، گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

حکومت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کررہی ہے، گورنر حاجی غلام علی

ہائی رائز بلڈنگز اورھاؤسنگ سوسائٹیز کے ساتھ ملک کی 50 فیصد انڈسٹری وابستہ ہے جو معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، گورنرحاجی غلام علی

گوررنرکاپشاورمیں دوسرے انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو اینڈ کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب،مختلف سٹالز کامعائنہ کیا

گورنر سے اقلیتی نیشنل الائنس اور ینگ نرسزکے وفود کی بھی ملاقات، گورنر کااقلیتی برادری اور ینگ نرسز کودرپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ موجودہ وفاقی اورصوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ ہائی رائز بلڈنگز اورھاؤسنگ سوسائٹیز کے ساتھ ملک کی 50 فیصد انڈسٹری وابستہ ہے۔ صوبائی حکومت صوبے میں بزنس کمیونٹی کے تمام مشکلات کے خاتمے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے پشاور میں دوسرے انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو اینڈ کنونشن کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔ گورنر نے اپنے دورہ کے دوران انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو اینڈ کنونشن کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ایکسپو میں لگائے گئے مختلف سٹالز کامعائنہ بھی کیا۔ گورنرنے اس موقع پربھرپور انتظامات پر انتظامیہ کو سراہا۔ ایکسپو سنٹر پہنچنے پر پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین خورشید برلاس اور ایکسپو انتظامیہ نے گورنر حاجی غلام علی کا پرتپاک استقبال کیا اور افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

اس موقع پر بزنس کمیونٹی نے گورنر کو ٹی ایم ایز اور انوائرمنٹل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے NOC کے اجراء میں مسائل اور مشکلات پیدا کرنے کے حوالے سے شکایت کیں اور بزنس کمیونٹی کو درپیش دیگر مسائل سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے گورنر کو بتایاکہ ٹی ایم ایز اور انوائرمنٹل ڈیپارٹمنٹ سرمایہ کاروں کو این او سی کے نام پر 2، 2 سال سے تنگ کررہے ہیں حالانکہ قواعد وضوابط کے لحاظ سے تمام نقشہ جات بھی درست ہوتے ہیں تاہم مختلف حیلو بھانوں سے سرمایہ کاروں کو تنگ کیاجاتاہے۔ گورنرنے صوبے میں سرمایہ کاروں کیجانب سے ایکسپو منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اوراسے سنگ میل قراردیتے ہوئے کہاکہ صوبے میں جدید طرزتعمیر اوریہاں کے عوام کوجدید سہولیات سے آراستہ رہائشی اور کمرشل سہولیات کی فراہمی صوبے کی تعمیروترقی میں مزیداضافہ کرے گی۔ گورنر حاجی غلام علی نے بزنس کمیونٹی کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ متعلقہ حکام کو ہائی رائز بلڈنگز اورہاؤسنگ سوسائٹیزکو ٹی ایم ایز اور انوائرمنٹل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیاجائے گا تاکہ ان شکایات کو فوری طور پر دور کیاجاسکے۔

Governor KP visits international property expo convention

گورنر حاجی غلام علی کاکہناتھاکہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے اور موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی بھی یہ خواہش ہے کہ بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات مہیاں کئے جائیں اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ گورنرنے کہاکہ اس وقت ملک معاشی طور پر مشکلات سے دوچارہیں، بزنس کمیونٹی پہلے کی طرح موجودہ مشکلات کے خاتمے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں اور وہ وقت دور نہیں جب حکومت بھی ان کی سوچ سے زیادہ انہیں مزید مراعات اور سہولیات دیں گی۔ علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے اقلیتی نیشنل الائنس کے20 رکنی وفدنے بھی گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفدکی سربراہی صوبائی صدر نیشنل کمیشن آف پاکستان فار ہیومن رائٹس پرویز اقبال کررہے تھے۔ وفد نے گورنر کو آئینی منصب سنھبالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اقلیتی برادری کیلئے بڑھتی ہوئی آبادی کے لحاظ سے قبر ستان کی ضرورت، اقلیتی عبادت گاہوں کی سولرائزیشن، مرمت اور سیکیورٹی سمیت دیگر مشکلات پر کے حوالے سے گورنرکو آگاہ کیا۔ گورنرنے وفد کو تمام مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور بعض مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

 

گورنرحاجی غلام علی سولرائزیشن کے حوالے سے کہاکہ سولرائزیشن کا عمل سینٹ جانز سے شروع ہوجائیگا اور بتدریج سولرائزیشن کاعمل تمام اقلیتی عبادت گاہوں میں مکمل کیاجائیگا جس سے بجلی کے حوالے سے مسائل حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عبادت گاہوں کی مرمت کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت سے ملکر وفاق سے بات کی جائیگی تاکہ تمام اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کو کوممکن بنایاجاسکے۔ دریں اثناء گورنر حاجی غلام علی سے ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے17 رکنی وفد نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور نرسز کو درپیش مسائل کے حوالے سے گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنرنے وفد کی معروضات غور سے سنیں اور ان کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور تعاون کی یقین دہانی پر گورنر کاشکریہ ادا کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71619