Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورت ) الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس میں عام انتخابات کی تاریخ کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہوا۔ مشاورت اجلاس تقریباً 2 گھنٹے جاری رہا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کی تاریخ دینے سے متعلق اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے موجودہ آئینی بحران پر اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے سے متعلق فیصلے کے حوالے سے الیکشن کمیشن اجلاس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کریگا۔ قبل ازیں اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کرانے سے متعلق قانونی و آئینی آپشنز پر غور کیا گیا اور دونوں صوبوں کے الیکشن شیڈول سے متعلق مشاورت کی گئی۔الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کمیشن کی ٹیم نے گورنر سے ملاقات پر بریفنگ بھی دی۔

 

 

پنجاب میں انتخابات: الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی ہدایت

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درا ٓمد کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے پنجاب میں منحرف اراکین کی ڈی سیٹ ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔منحرف اراکین کے وکیل نے دورانِ سماعت کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے پر منحرف اراکین کی اپیلیں غیر مو ثر ہو گئی ہیں۔سپریم کورٹ نے منحرف اراکین کی درخواستیں غیر مو ثر ہونے پر خارج کر دیں۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ اب تو پنجاب اسمبلی میں بحالی کی بات ہی ختم ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا حکم ہائی کورٹ نے دیا ہے، الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات پر کیا کر رہا ہے؟الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء نے بتایا کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب کے ساتھ الیکشن کمیشن حکام کا اجلاس ہوا تھا، گورنر پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے سوال کیا کہ قانون کا راستہ گورنر کو لینا ہے یا الیکشن کمیشن کو؟ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ قانونی راستہ گورنر کو ہی لینا ہے۔جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مشورے کیوں کر رہا ہے؟ کیا آئین الیکشن کمیشن کو انتخابات سے پہلے گورنرز سے مشاورت کا پابند کرتا ہے؟چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے اس پر عمل کریں۔ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے حکم میں گورنر سے مشاورت کا بھی کہا ہے۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ہائی کورٹ نے اگر یہ حکم دیا ہے تو اسی پر عمل کریں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71561