
نامساعد موسمی حالات، محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ونٹر زون کے سکولوں کی چھٹیوں میں ۲۸ فروری تک توسیع کردی، ہاییر ایجوکیشن سے بھی توسیع دینے کی اپیل
نامساعد موسمی حالات، محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ونٹر زون کے سکولوں کی چھٹیوں میں ۲۸ فروری تک توسیع کردی، ہاییر ایجوکیشن سے بھی توسیع دینے کی اپیل
پشاور ( نمایندہ چترال ٹایمز ) محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا نے ونٹر زون کے تمام سکولوں کی سردیوں کی چھٹی میں ۲۸فروری تک توسیع دیدی ہے۔ سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا کی طرف سے جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ونٹرزون کے موسم میں غیرمعمولی تبدیلی کی بنا پر سردیوں کی چھٹیوں میں ۲۸فروری ۲۰۲۳ تک توسیع دی گیی ہے۔ یادرہے کہ اس سے پہلے جاری ایک اعلامیہ میں ونٹر زون کے سکولوں کی چھٹیاں ۱۵ فروری تک تھے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ونٹر زون کے تمام سکولوں میں گزشتہ ادوار میں ۲۳ دسمبر سے ۲۸فروری تک چھٹیاں ہوتی تھی مگر پہلی دفعہ محکمہ ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے ۲۳دسمبر کو چھٹی کرنے کے بجایے سکولوں کی حاضری جاری رکھنے کوشش کی مگر اُس وقت بھی نامساعد موسمی حالت کے پیش نظر پہلے ڈپٹی کمشنرز نے چھٹی کی نوٹفیکشن جاری کی جبکہ بعد میں محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ساتھ ہاییر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی تمام کالجوں کی چھٹی کا اعلامیہ جاری کردیا تھا۔
دریں اثنا چترال کے مختلف مکاتب فکر نے ہایرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی چترال کے کالجوں کی چھٹی کا اعلامیہ جاری کردے کیونکہ اس نامساعد موسمی حالات میں طلبہ و طالبات کا کالج جاناممکن نہیں لہذا وہ اپنے گھروں میں تسلسل کے ساتھ پڑھایی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں ۔