Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے صوبہ بھر میں بیوٹی پارلرز میں غیر قانونی میڈیکل سروسز کی فراہمی پر پابندی عائد کردیا گیا

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے صوبہ بھر میں بیوٹی پارلرز میں غیر قانونی میڈیکل سروسز کی فراہمی پر پابندی عائد کردیا گیا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبہ بھر میں بیوٹی پارلرز میں غیر قانونی میڈیکل سروسز کی فراہمی پر پابندی عائد کر دی،خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق بعض بیوٹی پارلرز میں ایسی سروسز دی جارہی ہیں جو صرف میڈیکل شعبہ کے تحت ہی دی جاسکتی ہیں۔ بلکہ ان سروسز کے لئے سپشلسٹ ڈاکٹر کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہذا ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے بیوٹی پارلرز پر ایسی کسی بھی قسم کی سروسز فراہم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔اس ضمن میں کمیشن نے کسی بھی شکایت سامنے آنے پر ایسے بیوٹی پارلرز کیخلاف قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔دریں اثناء خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے گزشتہ ہفتے ضلع پشاور میں بیوٹی پارلرز، بیوٹی سیلونز، ہیئر سیلونز، ہیئر ٹرانسپلانٹ سینٹرز اور کاسمیٹک کلینکس وغیرہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ گرینڈ آپریشن میں صوبے کے تمام زونل دفاتر کے فیلڈ افسران پر مشتمل 06 انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔اس سلسلے میں ضلع پشاور میں کل 200 بیوٹی سینٹرزکا معائنہ کیا گیا۔معائنے کے دوران 03 بیوٹی سنٹرز کو مختلف غیر قانونی سروسز، سپشلسٹ عملے کی عدم موجودگی اور کے پی ایچ سی سی کے ساتھ رجسٹریشن نہ ہو نیکی وجہ سے سیل کیا گیا جبکہ 17 مختلف بیوٹی سنٹرز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن نے اس عزم کا اظہارکیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور بہت جلدصوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے گرینڈ آپریشن کا انعقاد کیا جائے گا۔

 

پشاور ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل جج صاحبان نے اپنے عہدوں کا حلف لے لیا
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان نے عدالت عالیہ کے معزز ایڈیشنل جج صاحبان جسٹس کامران حیات میاں خیل، جسٹس اعجاز خان اور جسٹس محمد فہیم ولی سے مذکورہ عدالت کے ججز کے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب میں پشاور ہائی کورٹ کے تمام معزز جج صاحبان سمیت ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان، خیبرپختونخوا، وائس چیئرمین خیبرپختونخوا بار کونسل، پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، مینگورہ اور بنوں بنچ کے صدور اور جنرل سیکرٹریز، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشاور کی کابینہ، پشاور ہائی کورٹ کے پرنسپل افسران اور خصوصی عدالتوں کے ججز اور سینئر وکلاء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71362