Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آئی ایم ایف بجلی ٹیرف 50 فیصد بڑھانے پر بضد، حکومت 20 سے33 بڑھانے پر آمادہ

Posted on
شیئر کریں:

آئی ایم ایف بجلی ٹیرف 50 فیصد بڑھانے پر بضد، حکومت 20 سے33 بڑھانے پر آمادہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات کی مدت ختم ہونے میں 3دن باقی ہیں جب کہ فریقین ابھی تک اختلافات طے نہیں کرسکے۔وزیراعظم نے بجلی کے ٹیرف اضافہ کیلیے حکومتی ٹیم کو اجازت دیدی ہے،آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے جبکہ حکومت 20 سے33 بڑھانے پر آمادہ ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں جاری مذاکرات میں آئی ایم ایف پہلے سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری پر بضد ہے۔وزیر اعظم نے آن لائن اجلاس کی صدارت کی، کیونکہ وہ لاہور میں تھے۔ بات چیت سے واقف ذرائع کے مطابق بنیادی ٹیرف میں اوسطاً 7.74 روپے فی یونٹ اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ اوپرکے سلیب کا اضافہ اس سے کہیں زیادہ ہو گا۔ وزیر اعظم اب بھی چاہتے ہیں کہ پاور ڈویڑن آئی ایم ایف کو مطلوبہ اضافے سے کم کرنے پر راضی کرے۔

 

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد گردشی قرضوں میں کمی کا نظرثانی شدہ منصوبہ اب آج آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا جائے گا جس میں سہ ماہی اور سالانہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے باعث قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات ہوں گی۔وزیر بجلی خرم دستگیر نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا وزیر اعظم نے اصولی طور پر بالائی سلیب کے صارفین کیلئے قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ اضافے پر اتفاق کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف قیمتوں میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن حکومت 20 سے 33 فیصد تک قیمتیں بڑھانا چاہتی ہے۔ مذاکرات 31 جنوری کو شروع ہوئے تھے اور مشن9 فروری تک اسلام آباد میں ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر پاکستان میں ہے اور اسے توقع ہے کہ حکومت ٹیکسوں میں اضافے سمیت اپنے تمام زیرالتوا اقدامات پر عمل درآمد کرے گی۔ اگر آئی ایم ایف حکومتی اقدامات سے اتفاق کرتا ہے تو انکو حتمی شکل دینے کے لیے اسی روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر کے درمیان ملاقات ہو سکتی ہے۔

 

ذرائع نے بتایا کہ پاور ڈویڑن نے ٹیرف میں اضافے کے لیے مختلف آپشنز وزیراعظم کو پیش کیے۔ ان میں سہ ماہی ٹیرف میں 4.26 روپے فی یونٹ اضافہ اور بنیادی ٹیرف میں 7.74 روپے فی یونٹ اوسط اضافہ شامل ہے تاہم آئی ایم ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اضافی بجٹ سبسڈی کے تحت675 ارب روپے کے مطالبات کو مکمل طور پر پورا کرنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 12 روپے فی یونٹ سے زیادہ اضافہ کرے۔پاور ڈویڑن کا خیال ہے کہ وہ اب بھی جولائی سے دسمبر 2023 تک 43 ارب روپے کی ریکوری کر سکتا ہے جس سے اس اضافے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ بجٹ کے وقت حکومت نے رواں مالی سال کیلئے بجلی کی سبسڈی کی رقم صرف 355 ارب روپے رکھی تھی۔اضافی گردشی قرضے کو مینج کرنے کیلئے پاور ڈویڑن نے 675 ارب روپے کی مزید سبسڈیز مانگی ہیں جس سے کل ضروریات 1.03 ٹریلین روپے سے زائد ہو گئی ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ فیصلہ کرنے میں تاخیر سے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔آئی ایم ایف نے 300 یونٹ تک کے صارفین کو قیمتوں میں اضافے سے محفوظ رکھنے کے حکومتی مطالبے سے بھی اتفاق نہیں کیا اور وہ ماہانہ 200 یونٹ اور اس سے زیادہ کے صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے پر قائم ہے۔

 

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ان لوگوں کیلئے کیا جائے جن کی کھپت کی سطح زیادہ ہے لیکن بجلی کی زیادہ کھپت والے لوگ بھی اضافی بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے جس کی وجوہات میں سیاسی فیصلے، خاص طور پر برآمد کنندگان کو سبسڈی دینے، بجٹ میں کم سبسڈی فراہم کرنے اور پاور سیکٹر کی نااہلی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اب بھی ایکسپورٹرز کے بجلی کے سبسڈی پیکج کو جاری رکھنا چاہتے ہیں لیکن اس بات کے امکانات کم ہیں کہ آئی ایم ایف موجودہ شکل میں اس پر رضامند ہوجائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیادی ٹیرف میں 7.74 روپے یا آئی ایم ایف کے خدشات کو دور کرنے کے لیے 33 فیصد سے زیادہ اضافے کا امکان ہے۔ اوسط بنیادی ٹیرف تقریباً 24 روپے فی یونٹ ہے جو جون تک بڑھ کر 32 روپے فی یونٹ تک پہنچ سکتا ہے۔اگر آئی ایم ایف ایک اور آپشن سے اتفاق کرتا ہے تو یہ رواں مالی سال میں دوسرا اضافہ ہوگا، حکومت آئی ایم ایف ڈیل کے تحت پہلے ہی بیس ٹیرف میں 7.91 روپے فی یونٹ اضافہ کر چکی ہے۔ یہ اضافہ لاسز کو روکنے میں مدد نہیں کر رہا ہے بلکہ لوگوں کو توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف جانے پر مجبور کر رہا ہے۔

 

اس سے قبل پاور ڈویڑن نے نظرثانی شدہ سی ڈی ایم پی جمع کرائی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ٹیرف میں اضافہ کیے بغیر سرکلر ڈیٹ میں 952 ارب روپے مزید شامل کیے جائیں گے۔73 ارب روپے کے فرق کو کم کرنے کے لیے 3.21 روپے فی یونٹ کا پہلا سرچارج اس ماہ سے لگایا جائے گا جبکہ 69 پیسے کا دوسرا سرچارج مارچ اور 1.64 روپے فی یونٹ جون سے لگایا جائے گا، ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ آئی ایم ایف پاور سیکٹر میں پالیسی اصلاحات لانے کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ بھی مانگ رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی بھی کچھ امکان موجود ہے کہ گیس سیکٹر میں گردشی قرضے سے نمٹنے کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافہ کرنا پڑے گا تاہم اضافہ فوری طور پر نہیں ہو سکتا۔

 

 

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

کراچی(سی ایم لنکس)سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کی نمازِ جنازہ ملیر کینٹ کراچی کے پولو گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس کے بعد تدفین کے لیے ان کی میت سخت سیکیورٹی میں گورا قبرستان سے متصل سی ایس ڈی قبرستان لائی گئی جہاں انہیں سپردِ خاک کیا گیا۔جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نمازِ جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ، جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی، ن لیگی رہنما امیر مقام، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، فیصل سبزواری، امین الحق اور دیگر نے شرکت کی۔پرویز مشرف 5 فروری کو انتقال کر گئے تھیواضح رہے کہ 5 فروری کو سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی کے امریکی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔گزشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کر خصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا۔اس خصوصی پرواز میں پرویز مشرف کے اہلِ خانہ اور ذاتی عملے کے ارکان موجود تھے۔پرویز مشرف کی میت ایئر پورٹ سے ملیر کینٹ پہنچائی گئی تھی۔

chitraltimes gen musharraf laid to rest in karachi


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71283