Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا ایل آر ایچ کا دورہ، اپنی جانب سے ہسپتال کو 2 ڈائیلاسیز مشینیں عطیہ کیں

Posted on
شیئر کریں:

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا ایل آر ایچ کا دورہ، اپنی جانب سے ہسپتال کو 2 ڈائیلاسیز مشینیں عطیہ کیں

صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اُن کی ضروریات کوپورا کیاجائیگا، گورنر حاجی غلام علی

گورنر کی ہسپتال میں زیرعلاج پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت، صحت یابی کی دعا، علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا

ایل اریچ عوام میں خیراتی ہسپتال کے طور پر مشہورتھا،لیکن آج اس میں بھی غریب عوام کاعلاج معالجہ مشکل بنادیاگیاہے، گورنر حاجی غلام علی

صوبائی وزیرصحت، محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ کی مشاورت سے ایک بارپھر باالخصوص پشاور اوربالعموم صوبے کے عوام کیلئے اسی جذبے سے ایل آر ایچ کی ازسر نوتشکیل یقینی بنائیں گے،گورنرحاجی غلام علی

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلا علی نے کہاہے کہ وہ بحیثیت گورنر پورے صوبے بشمول ضم اضلاع کے عوام کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،وزیراعلی،صوبائی کابینہ اور ہم عوام کی مشکلات کے خاتمے اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک پیج پر ہیں، ایل آر ایچ صرف پشاور نہیں بلکہ صوبہ بھر کے عوام کا ہسپتال ہے، صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں پر بوج کم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اُن کی ضروریات کوپوراکرنا وقت کی ضرورت ہے اورصحت کی سہولیات میں مزید بہتری کی کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورکے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ گورنر نے دورہ ایل آرایچ کے موقع پر ہسپتال انتظامیہ کواپنی جانب سے2 جرمن ڈائیلاسز مشینیں عطیہ کیں اور آئندہ بھی صوبے کے ہسپتالوں کے ساتھ اپنی جانب سے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ ڈائلاسز مشین عطیہ کرنے کا اعلان گورنر حاجی غلام علی نے بحیثیت گورنر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ہسپتال کے دورہ کے دوران کیا تھا۔

 

گورنرنے ہسپتال میں پشاورپولیس لائنز دھماکے میں زخمیوں کی دوبارہ عیادت بھی کی،فرداً فرداً ان سے ملاقات کی،زخمیوں کی لواحقین کواس عظیم قربانی پر خراج تحسین پیش کیااور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اوران کو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دی جانیوالی طبی سہولیات سے آگاہی حاصل کی۔گورنرنے مثالی جذبے کامظاہرہ کرنے پر انسانیت کے خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹرز،نرسنگ سٹاف اوردیگر طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔زخمیوں نے خود ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسنگ سٹاف اوردیگر عملہ کے خدمت کی تعریف کی کہ انہوں نے ہماری بہترین انداز سے خدمت کی،جوکہ قابل ستائش ہے۔ اس موقع پرنگران صوبائی وزیر عدنان جلیل اور سیکرٹری محکمہ صحت بھی موجودتھے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی کاکہناتھاکہ سانحہ پشاور پولیس لائنز ایک قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم کو تکلیف پہنچی ہے اورصوبے کے عوام اور بالخصوص خیبرپختونخوا پولیس کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔پوری قوم خیبرپختونخوا پولیس، پاک فوج اور دیگرسیکورٹی فورسزکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ گورنرحاجی غلام علی نے اس موقع پر وزیراعظم محمدشہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء،سندھ، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان کے وزراء اعلی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کابھی شکریہ اداکیا جنہوں نے سانحہ پولیس لائنز کے فوراً بعد پشاور کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کو حوصلہ دیا۔

 

گورنرنے وفاقی حکومت کی جانب سے شہداء اورزخمیوں کیلئے امدادی پیکج کے اعلان اور وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کی جانب سے شہداء کے لواحقین کو 10،10 لاکھ اور زخمیوں کو5،5 لاکھ روپے امداد کے اعلان پر بھی اپنی اورصوبے کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کودعوت دی گئی تاہم ایک سیاسی جماعت کی عدم شرکت اور اس المناک سانحہ پربھی ان کا اکٹھا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو خط بھیج دیا ہے اور انہیں تجویز دی ہے کہ وہ الیکشن کے انعقاد سے پہلے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکرمشاورت کریں اور مجموعی صورتحال کاجائزہ لے کر اتفاق رائے سے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ کریں۔ بحیثیت گورنر میری ذمہ داری ہے کہ ایسا فیصلہ کروں جس سے عوام کافائدہ ہوں اور ان کیلئے مشکلات پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ وہ بحیثیت گورنرصوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے عوام کو نہ صرف درپیش مسائل ومشکلات کے حل کیلئے بلکہ پرامن لیکشن کے لئے بھی اپنا کردار اداکریں گے۔

Governor kp donated two dialaces machines to lrh hospital

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کاپیغام

اسلام آباد ( چترال ٹایمز رپورٹ ) “ہر سال 5 فروری کشمیری بھائیوں کیساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد بھارت سمیت پوری دنیا پر یہ واضح کرنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام حق خودارادیت اور بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان اپنے مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی و خودمختاری تک عالمی سطح کے ہر فورم پر نہ صرف اُن کے حق کیلئے آوازاٹھاتی رہے گی بلکہ ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھی جاری رکھے گی۔ مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام گذشتہ 76 برس سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف حق خودارادیت اور جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں، اقوام متحدہ نے بھی مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کیمطابق حل کرنے کی قرارداد پاس کی ہے لیکن بھارت نے نہ صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کونظر انداز کر رکھا ہے بلکہ بھارت کی یہ ہٹ دھرمی خطہ میں امن کی بحالی میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

 

بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے 1948سے لیکر اب تک ہزاروں بے گناہ اور معصوم کشمیریوں کو شہید کیاہے لیکن اُن کے ظلم وستم نے جدوجہدآزادی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی اور کشمیری عوام پہلے سے بھی مضبوط اعصاب کے ساتھ بھارتی ظلم وبربریت کامقابلہ کرتی آرہی ہے۔ بھارت نے سال2019 میں 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی ایک اور بنیادی حق سے بھی محروم کردیا ہے اور یک طرف فیصلہ سے مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کی اکثریت اقلیت میں بدلنے کی سازش کی گئی۔اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری نام نہاد جمہوریت کی دعویداربھارت پر دباؤ ڈالے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی بنیادی حق، حق خود ارادیت دی جائے اور مسئلہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پراقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل کیا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ کشمیری شہداء کاخون ضرور رنگ لائے گااور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر آزاد فضاء میں سانس لیں گے۔”


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
71159