Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں عام انتخابات کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، نگران وزیراعلیِ کا پولیس لائنز پشاور کا دورہ اور جوانوں سے خطاب

Posted on
شیئر کریں:

صوبے میں عام انتخابات کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے، نگران وزیراعلیِ کا پولیس لائنز پشاور کا دورہ اور جوانوں سے خطاب

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے منگل کے روز پولیس لائنز پشاور کا دورہ کیا جہاں ا نہوں نے بم دھماکے سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور دیگر سرکاری حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو انسپکٹر جنرل پولیس کی جانب سے دھماکے سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔نگران وزیراعلیٰ نے دھماکے سے شہید ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز میں پولیس نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور شہداءکے لواحقین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

 

انہوں نے کہاکہ بم دھماکے کے زخمیوں اور شہداءکے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ اس اندوہناک واقعے نے پوری قوم کو صدمے سے دو چار کیا ہے۔خیبرپختونخوا پولیس کے اس قسم کے واقعات سے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ پولیس فورس نے ماضی میں بھی سخت حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دریں اثناءنگران وزیراعلیٰ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب پولیس لائن واقعہ کی اطلاع ملی تو وہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کر رہے تھے اور ا ن سے خیبرپختونخوا میں امن و امان کو بہتر بنانے سے متعلق بات چیت ہو رہی تھی۔ ا نہوں نے کہاکہ نگران حکومت پولیس فورس کو جدید آلات سے لیس کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ا ٹھائے گی اور ان کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔

ا نہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں عام انتخابات کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے بدقسمتی سے صوبے میں اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ عوام حوصلہ رکھیں ، انشاءاللہ حالات معمول پر آجائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانیاںہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے کہاکہ شہداءکے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے سمری تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق اس اندوہناک واقعے میں 95 شہادتیں ہوئی ہیں جبکہ 221 افراد زخمی ہیں۔

chitraltimes caretaker cm kp addressing peshawar police line

 

وزیر اعلیٰ ہاوس اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز جاری کئے گئے

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ ہاوس اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز جاری کئے گئے ہیں۔ نئے ایس او پیز پہلے سے موجود ایس او پیز کے علاوہ ہونگے۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کردیاہے۔

نئے ایس او پیز کے مطابق وزیر اعلی ہاوس /سیکرٹریٹ کا عملہ اور اجلاسوں میں شرکت کرنے کے لئے آنے والے افسران ان ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے۔ وزیر اعلی ہاوس/سیکرٹریٹ میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی اندرونی اور بیرونی چیکنگ کی جائے گی، تمام وزٹرز کی مکمل باڈی سرچ کے علاوہ ان کی تفصیلات کا تحریری ریکارڈ رکھا جائے گا، وزیر اعلی ہاوس/سیکرٹریٹ میں تمام واک تھرو گیٹس کو فوری طور پر فعال بنایا جائے گا جبکہ بغیر اجازت ملاقاتیوں کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70999