Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں چار عوامی شکایات کی شنوائی ، چترال سے ساجد اللہ بھی شامل

Posted on
شیئر کریں:

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں چار عوامی شکایات کی شنوائی ، چترال سے ساجد اللہ بھی شامل
پرائیوٹ کمپنی کی ایف آئی آر کے اندراج کیلئے آئی جی کے پی کو خط جاری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں 26 جنوری کے دن چار عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی. بینج میں چیف کمشنر محمد سلیم خان اور کمشنر جج محمد عاصم امام شامل تھے. چترال سے ساجد اللہ نامی شہری نے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ 30 گھرانوں پر مشتمل گاؤں کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔ کمیشن نے ڈسٹرکٹ منیٹرنگ آفیسر اپر چترال کو ہدایات جاری کیں کہ وہ متعلقہ ایس ڈی او کے ہمراہ گاؤں کا دورہ کر کے تصاویر اور نقشہ جات کے ذریعے کمیشن کو آگاہ کرے کہ گاؤں کو پینے کا صاف پانی کہاں سے مہیا ہو سکتا ہے۔ ڈی ایم او کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق کمیشن نے پانی کی فراہمی کے لئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ چترال کو احکامات جاری کئے۔اسی طرح اسلام آباد کے رہائشی سعید علی مہدی نے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ وہ خیبر پختونخوا پرائیویٹ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کو ان کے ٹاورزں کیلئے مختلف قسم کی خدمات فراہم کرتا ہے اور 34 مختلف مقامات پر موبائل ٹاوروں سے قیمتی آلات چوری ہوئے ہیں اور پولیس انکی ایف آئی آر کے اندراج میں کوتاہی برت رہی ہے۔

 

ایف آئی آر کے بغیر انشورنس کمپنی نقصانات کا ازالہ نہیں کرتیں۔ کمیشن نے شہری کو مشورہ دیا کہ وہ انشورنس کمپنی اور زمین مالکان سے کئے گئے اگریمنٹ پر نظر ثانی کرے اور ساتھ ہی آئی جی خیبر پختونخوا کو خط لکھا کہ پالیسی لیول پر اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔ ہری پور سے پرویز خان نامی شہری نے کمیشن کو درخواست دی تھی کہ انکو جائیداد کی حد برداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کمیشن کے احکامات کے مطابق جائیداد کی حد برداری کا عمل مکمل کیا گیا۔ شہری نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔پشاور سے محمد ہمایوں نے کمیشن کو ملبہ ہٹانے میں کوتاہی برتنے پر سی این ڈبلیو کے خلاف درخواست دی تھی۔ متعلقہ ایکسین ہائی وے ڈویژن ضیاء الاسلام کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے اور بتایا کہ کمیشن کے احکامات کے مطابق ملبہ ہٹا دیا گیا ہے اور کھدائی کرنے والے محکموں کے خلاف کاروائی کے لئے متعلقہ سرکاری محکموں کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔کمیشن نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ کمیشن ہر ہفتے شہریوں کی شکایات سن رہا ہے۔سرکاری اہلکاروں کو بلایا جاتا ہے اور شہریوں کے سامنے بٹھا کر یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ وہ جواب دہ ہیں۔ سرکار کے اوپر عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔. کمیشن شہریوں کی شکایات کو آن لائن ویڈیو کالز کے ذریعے بھی سن رہا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70855