Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا دیر موٹروے منصوبے کی تعمیر ہر حال میں یقینی بنانے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا دیر موٹروے منصوبے کی تعمیر ہر حال میں یقینی بنانے کی ہدایت

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو دیر موٹروے منصوبے کی تعمیر ہر حال میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ منصوبہ نا صرف دیر بلکہ تمام ملحقہ علاقوں کی ترقی کا ضامن ہے، کسی صورت بھی منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔منصوبے کے لیے زمین کے حصول سمیت تمام پیشگی لوازمات ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبے کی تعمیر پر کام شروع کیا جا سکے۔ یہ ہدایات انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ واضح رہے کہ 30 کلو میٹر طویل دیر موٹروے پراجیکٹ چکدرہ انٹرچینج ملاکنڈ سے برون دیر لوئر تک براستہ رامیال اور اوچ ویلیج تعمیر کیا جائے گا۔ چار لین اور پچاس میٹر رائیٹ آف وے پر مشتمل اس موٹروے میں 625 میٹر طویل ٹوئن ٹیوب ٹنل جبکہ 6320 میٹر طویل سنگل ٹیوب کے دو ٹنلز بھی تعمیر کی جائیں گی۔ منصوبے پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کی کمرشل اور فنانشل فزیببیلٹی اسٹڈی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی سے منظور ہو چکی ہے جبکہ منصوبے کی تعمیر کے لیے موصول شدہ bid کی فنانشل ایوالویشن کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے۔

 

اس موقع پر مزید آگاہ کیا گیا کہ منصوبے کے لیے منتخب شدہ زمین کے حصول کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایتکی کہ منصوبے پر عملی کام کا اجراءیقینی بنانے کے لیے باقی ماندہ تقاضے بھی بروقت مکمل کیے جائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خطے کی پسماندگی دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں ہر ممکن کوشش کی ہے صوبے کے پسماندہ علاقوں کو بھی دیر پا بنیادوں پر ترقی دی جائے۔ مالی مشکلات کے باوجود اس مقصد کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ اصل مقصد عوام کے طرز زندگی کو مثبت تبدیلی سے ہمکنار کرنا ہے جس کے لیے دستیاب وسائل کا کارآمد استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے نا صرف سماجی خدمات کے شعبوں کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نظر آنے والے اقدامات اٹھائے ہیں بلکہ صوبے کے پیداواری شعبوں خصوصی طور پر روڈ نیٹ ورک کی تعمیر و بحالی پر بھی اربوں روپے خرچ کیے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صنعتی، سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اور باشعور عوام کے تعاون سے دوبارہ بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی اور عوامی فلاح کے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70660