Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اس وقت صوبے میں آٹے کے بحران کا کوئی خدشہ نہیں ہے،صوبائی حکومت نے روزانہ سرکاری سبسیڈائزڈ گندم کا کوٹہ 5000 میٹرک ٹن سے بڑھا کر 6500 میٹرک ٹن کر دیا ہے، عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

اس وقت صوبے میں آٹے کے بحران کا کوئی خدشہ نہیں ہے،صوبائی حکومت نے روزانہ سرکاری سبسیڈائزڈ گندم کا کوٹہ 5000 میٹرک ٹن سے بڑھا کر 6500 میٹرک ٹن کر دیا ہے، عاطف خان
صوبے کی گندم کی سالانہ ضرورت تقریباً 50 لاکھ میٹرک ٹن ہے۔ 13 لاکھ میٹرک ٹن صوبے کی اپنی پیداوار ہے جبکہ 12 لاکھ میٹرک ٹن پنجاب اور پاسکو سے خریدنے کے علاوہ 25 لاکھ ٹن گندم و آٹا نجی شعبے کے ذریعے صوبے میں آتا ہے،عاطف خان
صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے جب تک اپنی ضرورت پوری نہیں ہوتی گندم افغانستان نہیں جائے گی،صوبائی وزیر خوراک

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک، کھیل وامور نوجوانان او ر سائنس ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا ہے کہ اس وقت صوبے میں گندم کا کافی سٹاک میسر ہے آٹا بحران کا کوئی خد شہ نہیں ہے صوبے کی گندم کی سالانہ ضرورت تقریباً 50 لاکھ میٹرک ٹن ہے۔ 13 لاکھ میٹرک ٹن صوبے کی اپنی پیداوار ہے جبکہ ہم اپنی ضروریات پورا کرنے کے لئے 12 لاکھ میٹرک ٹن پنجاب اور پاسکو سے خرید رہے ہیں علاوہ 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم و آٹا نجی شعبے کے ذریعے صوبے میں آتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوبے میں آٹے کی صورتحال کے حوالے سے اطلاع سیل پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ خوراک مشتاق احمد اور ڈائریکٹر فوڈ بھی موجود تھے،صوبائی وزیر خوراک عاطف خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت گندم و آٹے کی 50 فیصد ضرورت خود اور 50 فیصد باہر سے پوری کرتا ہے،گندم کا سٹاک ایک پرچیزنگ سیزن سے دوسرے سیزن تک طریقہ کار کے تحت ریلیز کیا جاتا ہے،

 

عاطف خان کا کہنا تھا کہ گندم روزانہ کی بنیاد پر فلور ملز کو مہیا کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت سرکاری سستا رعایتی آٹا فراہم کرتی ہے، خیبرپختونخوا میں اس وقت 20 کلو آٹے کا تھیلا 1300 روپے میں فراہم کر رہے ہیں،رجسٹرڈ آٹا ڈیلرز کی آج سے دوبارہ سکروٹنی کر رہے ہیں اور سرکاری نرخ پر آٹے کی شفاف طریقے سے تقسیم کیلئے ڈیلرز کو ایک ایپ مہیا کر رہے ہیں، عاطف خان نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ میں آٹے کے ریٹ کا مسئلہ بنا ہے مہنگائی آٹے ہی میں نہیں ہر چیز میں آئی ہے چند مہینوں میں ہر چیز کا ریٹ 30 فیصد بڑھا ہے، عاطف خان نے مزید کہا کہ ڈالر کا ریٹ بڑھنے سے بجلی، گھی، گیس ٹرانسپورٹیشن مہنگی ہوئی ہیں، انھوں نے گندم کی قیمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گندم کا پچھلے سال 2200 روپے فی من ریٹ تھا لیکن ہم نے رواں سیزن میں 3100 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی ہے،

 

عاطف خان نے پنجاب سے گندم سپلائی کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے گندم کا 4000 روپے من ریٹ مقرر کیا جس کی وجہ سے گندم پنجاب سے سندھ کی طرف جا رہی ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے روزانہ سرکاری سبسیڈائزڈ گندم کا کوٹہ 5000 میٹرک ٹن سے بڑھا کر چھ ہزار پانچ سو میٹرک ٹن کر دیا ہے جس سے مزید لوگ مستفید ہونگے، صوبے میں آٹا بحران کا خدشہ نہیں ہے، دو سے تین دن میں ریٹ کم ہو جائیں گے، عاطف خان نے سوشل میڈیا پر ٹرکوں کی وڈیو کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وڈیو میں نظر آنے والے ٹرکوں میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی گندم ہے، ہماری گندم نہیں جو افغانستان کو ایکسپورٹ ہو رہی ہے، انھوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے جب تک اپنی ضرورت پوری نہیں ہوتی گندم افغانستان نہیں جائے گی،انھوں نے کہا کہ ایک ایم پی اے نے گودام کے دورے کے موقع پر جو زبان استعمال کی وہ کسی کوزیب نہیں دیتی،صوبائی حکومت کے خلاف پراپیگنڈہ بلاجواز ہے گالیاں دینے سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا،

 

عاطف خان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے کپڑے بیچنے سے ایک بوری آٹے کی نہیں خریدی جا سکتی، پی ڈی ایم کو اگر خیبرپختونخوا کے عوام کی فکر ہے تو ہماری طرح 35 ارب کی سبسیڈی دے، انھوں نے گوداموں کے دورے کرنے والے ایم پی اے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں یہ 3 روپے پیٹرول ڈیزل مہنگا ہونے پر پیٹ پر پتھر بندھ کر آتے تھے لیکن امپورٹڈ ٹولہ اب مہنگائی پر چپ سادھ کر بیٹھا ہے، عاطف خان نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ آج خام تیل 70 ڈالر کا بیرل ہے تو یہ 215 کا دے رہے ہیں جبکہ عمران خان کی حکومت میں 109 ڈالر فی بیرل پر 150 روپے لیٹر پیٹرول تھا لیکن پی ڈی ایم ٹولہ اپنے کیسز ختم کرانے اور عمران خان کے خلاف کیسز بنانے کے لیے حکومت پر قابض ہوا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
70334