Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاور کے زیر اہتمام بی ایس کے مختلف شعبوں میں داخلوں کے لیے کے ایم یو سنٹرلائزڈ داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد

Posted on
شیئر کریں:

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور کے زیر اہتمام بی ایس کے مختلف شعبوں میں داخلوں کے لیے کے ایم یو سنٹرلائزڈ داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو)پشاور کے زیر اہتمام بی ایس کے مختلف شعبوں میں داخلوں کے لیے کے ایم یو سنٹرلائزڈ داخلہ ٹیسٹ پشاور اور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ مذکورہ ٹیسٹ میں کل 1201 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں 851پشاوراور 350اسلام آباد سنٹر میں شامل ہوئے۔ ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 48 گھنٹوں کے اندر کیا جائے گا جسے کے ایم یو کی آفیشل ویب سائٹ (http//:cat.kmu.edu.pk) پر دیکھا جاسکے گا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ ٹیسٹ کے لیئے پشاور اور اسلام آباد میں دو الگ الگ ٹیسٹ سنٹرز قائم کیئے گئے تھے پشاور ٹیسٹ سینٹر میں 851جب کہ اسلام آباد میں 350طلباء وطالبات ٹیسٹ میں شریک ہوئے۔واضح رہے کہ کے ایم یو کے ساتھ الحاق شدہ خیبرپختونخواکے تمام الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگرامات میں داخلے کے لیئے ہر طالب علم کے لیئے مذکورہ ٹیسٹ دینا لازمی ہے جس کے بغیر کسی بھی انسٹی ٹیوٹ کو کسی بھی شعبے میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

 

دریں اثناء کے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا ہے کہ اس ٹیسٹ کے انعقاد کا مقصد الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگراموں میں داخلوں کے خواہشمند ایسے طلباء وطالبات کے مستقبل کو بچاناتھا جو کسی بھی وجہ سے کے ایم یوکیٹ کے گزشتہ ٹیسٹوں میں شریک نہیں ہوسکے تھے اور اب انہیں کے ایم یو کے ساتھ الحاق شدہ انسٹی ٹیوٹس کے داخلوں میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ کے ایم یو کے ساتھ ملحقہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹس ہمارے اہم سٹیک ہولڈرز ہیں لہٰذان کے مفادات کاتحفظ اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ حالیہ کے ایم یو کیٹ کے انعقاد کا فیصلہ پرائیویٹ سیکٹر کی درخواست پرہی کیاگیا ہے جس سے انہیں اپنی خالی نشستیں پرکرنے کا موقع مل جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹیسٹ کاپرامن اور شفاف انعقاد کے ایم یو کے جملہ سٹاف کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے مختلف شعبہ جات بنیادی اہمیت کے حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ کے ایم یو ان شعبوں کا معیار بڑھانے کے لیئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔پروفیسر ضیاء الحق نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز میں داخلوں کے لیے سنٹرلائزڈ داخلہ ٹیسٹ کے انعقادسے اگر ایک طرف ہونہار طلبہ کو ان شعبوں میں آگے آنے کا موقع ملے گاتودوسری جانب اس سے ہیلتھ کیئر سسٹم کے مجموعی معیار میں بھی بہتر ی آئے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70183