Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جامعات کی انتظامیہ مقدار کی بجائے معیار کا اصول اپناتے ہوئے طلبا و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی میدان کے لیے ایسی تربیت بھی فراہم کرے۔گورنرخیبرپختونخوا

Posted on
شیئر کریں:

جامعات کی انتظامیہ مقدار کی بجائے معیار کا اصول اپناتے ہوئے طلبا و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی میدان کے لیے ایسی تربیت بھی فراہم کرے۔گورنرخیبرپختونخوا

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کی جامعات کو آپس میں اور حکومت کے ساتھ مکمل رابطہ بحال رکھنا ہوگا، وی سیز ، پروفیسرز اور اساتذہ کرام معیاری تعلیم کی فراہمی بھر پور انداز میں یقینی بنائیں، میں معیار کا قائل ہوں مقدار کا نہیں، میرا مشن ہے کہ اس سرزمین کے طلبا و طالبات نہ صرف تعلیم یافتہ ہوں بلکہ جامعات سے ہیرے بن کے نکلیں تاکہ ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں اور والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے ساتھ 6 گھنٹے سے زائد طویل نشست میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اس کانفرنس میں صوبے کی 17 پبلک یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز شریک ہوئے۔ اس اہم ترین اور طویل ترین نشست میں وائس چانسلرز نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو یونیورسٹیز کی موجودہ صورتحال ، مشکلات اور معاملات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ یونیورسٹیز کے انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں سے متعلق طریقہ کار، پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹی سے تعلیمی موازنہ ، یونیورسٹیوں میں اسٹاف اور دیگر تمام معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

 

گورنر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کی انتظامیہ مقدار کی بجائے معیار کا اصول اپناتے ہوئے طلبا و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی میدان کے لیے ایسی تربیت بھی فراہم کرے کہ وہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد ملک و قوم کا دست و بازو بنیں اور دنیا میں اس ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو آپس میں اور حکومت کے ساتھ ہر طرح سے رابطہ بحال رکھنا ہوگا تاکہ مل جل کر تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبا و طالبات کی معیاری کردار سازی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو سہولیات دے کر ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کریں اور مل کر کام کریں۔ اس سلسلے میں یونیورسٹیز کو جو بھی مشکلات ہیں وہ گورنر ہاوس، صوبائی و وفاقی حکومتیں مل کر حل کرینگے اور بھر پور مدد کرینگے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں جس طرح 2 نجی یونیورسٹیوں نے اپنی پریزینٹیشن دے کر بتایا کہ وہ کیسے طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کرتے ہوئے بجٹ میں سرپلس چل رہے ہیں اسی کو دیگر جامعات بھی اپنے لیے مثال بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عصری اور دینی علوم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی معیاری سہولیات فراہم کریں تاکہ ہمارے ملک کو ڈاکٹر، پروفیسر، انجینیئر اور ہر سیکٹر سمیت کھیل میں بھی ہیرے جیسے کھلاڑی میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی کے لیے بھی تمام تر جامعات اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ہماری نسلیں اخلاق ، سیرت، اور ہر معاشرتی پہلو میں کامیاب نظر آئیں۔ گورنر کے خطاب کے بعد کانفرنس میں موجود تمام وی سیز نے گورنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کی سوچ سے متاثر ہوئے اور پہلی مرتبہ ہے کہ اس قدر طویل وقت دیا گیا جس میں ہر پہلو پر کھل کے بات چیت ہو سکی کیونکہ یہی سوچ اور ویثرن مستقبل کو تابناک بنانے میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Governor KP VCs Conference photo 1

 

پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے۔گورنر خیبرپختونخوا

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے۔ یہ محض الفاظ نہیں درحقیقت ہر پاکستانی کے جذبات اور احساسات ہیں جس کی بنیادی وجہ سات دہائیوں پر مبنی وہ باہمی تعلق ہے جس نے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب کیا اور پھر یہ دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا۔انہوں نے کہاکہ برادر ہمسایہ ملک چین نے حالیہ تباہ کن سیلاب سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیاہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں نئے چینی سال کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سرحد ایوان صنعت و تجارت کے صدر محمد اسحاق، بشپ ارنسٹ جیکب، سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر محمدذاکر شاہ، پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر ارشد عزیز ملک اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے بھی تقریب سے آن لائن خطاب کیا جبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹاگیا

 

۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرحاجی غلام علی کاکہناتھاکہ چین نے سی پیک کے نام سے پاکستان میں جو معاشی منصوبہ شروع کیا ہے یقینی طور پر اس سے نہ صرف پاکستان میںمعاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا بلکہ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام بھی بخشے گا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میںہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ سی پیک پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ اس کے ثمرات جلد سے جلد عوام تک پہنچیں۔گورنر نے اس یقین کا اظہاربھی کیا کہ رشکئی اکنامک زون میں نہ صرف غیر ملکی بلکہ پاکستانی سرمایہ کار بھی دلچسپی لیں گے اوریہاںلگنے والے کارخانے برآمدات اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے سمیت لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا باعث ہوں گے۔گورنرحاجی غلام علی نے پاکستان میں چینی سفارت کاروں، چینی حکومت اورچینی عوام کو ان کے نئے سال کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ ونڈو نے ہمیں اہل چین کی خوشیوں میں شریک ہونے کا ایک شاندار موقع فراہم کیا اورتقریب کے انعقاد پر چائنہ ونڈو کے منتظمین بالخصوص امجد عزیزملک کو خراج تحسین پیش کیااور اس امید کا بھی اظہار کیاکہ پاکستان اور چین کے عوام مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے رہیں گے۔#

 

Governor KP China Window photo

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70133