Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں ، محمود خان

شیئر کریں:

صوبے کی بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں ، محمود خان

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)   وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپگریڈیشن کے منصوبے پر تیز رفتار پیشرفت یقینی بنانے اور اس مقصد کیلئے مجوزہ اراضی کی محکمہ صحت کو باضابطہ منتقلی اور منصوبے کی فزبیلٹی اسٹڈی کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں یہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔صوبائی حکومت مختلف شعبوں خصوصاً صحت میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے ۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت کے جاری اقدامات کی تکمیل سے عوام کو بنیادی خدمات کی فراہمی کا ایک بہترین نیٹ ورک سامنے آئے گا۔ وہ منگل کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپ گریڈیشن کے منصوبے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان اور ملک واجد ، محکمہ صحت اور خوراک کے انتظامی افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

 

اجلاس کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ حکام نے نصیر اﷲ بابر ہسپتال پشاور کی توسیع و اپگریڈیشن کیلئے مجوزہ زمین کا جائزہ لیا ہے جس کی محکمہ صحت کو حوالگی کیلئے باضابطہ منظوری کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی فزبیلٹی کو بھی بلاتاخیر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پشاور میں صحت سہولیات کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر نصیر اﷲ بابر ہسپتال کی توسیع و اپگریڈیشن کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس منصوبے کی تیز رفتار اور دیر پا بنیادوں پر تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی آبادی بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ سے سماجی خدمات کے تمام شعبوں خصوصاً صحت اور اعلیٰ تعلیم میں آبادی کے تناسب سے ترقیاتی و فلاحی اقدامات کی ضرورت ہمیشہ رہے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر طویل مدتی اور وسط مدتی ترقیاتی منصوبہ بندی کر رکھی ہے ۔

 

صوبائی حکومت نہ صرف عوام کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے بلکہ مستقبل میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل کے پیشگی حل پر بھی کام کر رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سلسلے میں شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ نصیر اﷲ بابر ہسپتال کی توسیع کا منصوبہ بھی صحت سہولیات کے قیام و اپگریڈیشن کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے محدود مالی وسائل کے باوجود شعبہ صحت میں متعدد منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کا معیار بلند کرنے اور چار نئے بڑے ہسپتالوں کے قیام کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو اُن کی دہلیز پر صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی ۔

 

 

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈائیلاسز یونٹ اور ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح

پشاور (چترال ٹائمز) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے منگل کے روز خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں نئے قائم کردہ ڈائیلاسز یونٹ اور ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا، اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر صحت سمیت پی ٹی آئی رہنماء شیر علی ارباب اور رکن صوبائی اسمبلی پیر فدا محمدا بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ہم اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر صحت نظام کو مزید بہتر بنارہے ہے، 50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرشدہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈے کیئر سنٹر کو دن کے وقت ہسپتال کے ملازمین کے چھوٹے بچوں کی نگرانی اور دیکھ بھال فراہم کرنے اور کے ٹی ایچ میں کام کرنے والی ماؤں کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں تقریباً 40-60 بچوں کی گنجائش ہے۔ انھوں نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل ڈائیلاسز یونٹ،جدید ترین ڈائیلاسز مشینوں، کارڈیک مانیٹر، وینٹی لیٹر اور سنٹرلائزڈ آکسیجن سپلائی سے لیس ہے۔کے ٹی ایچ ڈائیلاسز یونٹ سی سی یو، آئی سی یو اور وینٹی لیٹرز پر مریض کو بیڈ سائیڈ ڈائیلاسز بھی فراہم کر رہا ہے۔ یہ پراجیکٹ 8 ماہ میں مکمل کیا گیا جس کی لاگت 7.5 ملین روپے تھی۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران تیمور جھگڑا نے ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی ترقی کی طرف مسلسل سفر پر ہسپتال کی انتظامیہ اور بورڈ آف گورنرز کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ثقافتی، سیاسی اور مالیاتی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہماری مکمل حمایت ہسپتالوں کے ساتھ ہے اور جاری اصلاحات کے نتائج تسلی بخش ہیں اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال نے سرکاری ہسپتالوں میں ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال پہلا سرکاری ہسپتال ہے جس نے ISO 9000:2015 کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا, صوبائی وزیر نے کہا کہ MTI قانون ہسپتال کو خود مختار بناتا ہے کہ وہ ہسپتال کی ترقی کے لیے خود فیصلے کرے اب خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی ترقی کی طرف سفر نے یہ ثابت کر دیا ہے۔ ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑے اداروں کے لیے ڈے کیئر بہت ضروری ہے اور یہ خیبر پختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں میں ایک بہت ہی جامع ڈے کیئر سنٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز نے ہسپتال کو وقت کے تقاضوں کے مطابق تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔اور ہم نے 13 نئے شعبہ جات بھی متعارف کرائے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ہسپتال کے منیجریل سٹاف ممبران میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69714