Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ساتویں مردم شماری ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ سیکرٹری بلدیات واِنتخابات خیبر پختونخوا

Posted on
شیئر کریں:

ساتویں مردم شماری ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی۔ سیکرٹری بلدیات واِنتخابات خیبر پختونخوا

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری بلدیات، اِنتخابات و دیہی ترقی سید ظہیرالاسلام شاہ نے کہا ہے کہ ساتویں مردم شماری کاعنقریب ملک بھر میں آغاز کیا جا رہا ہے، یہ پاکستانی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی صوبائی حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں محکمہ بلدیات و انتخابات تمام مراحل میں پاکستان بیورو آ ف اسٹیٹیسٹکس کے شانہ بشانہ ادا کرے گا۔ اس بات کا اِنکشاف اْنہوں نے لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور کے کانفرنس روم میں ساتویں مردم شماری کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کی اِفتتاحی نِشست سے خطاب میں کیا۔اور وفاقی محکمہ شماریات کے جائنٹ ایڈیشنل سیکرٹری سینسس اختر خان اور پاکستان بیورو آ ف اسٹیٹیسٹکس کے ڈائریکٹر شوکت علی خان بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ ورکشاپ میں فارغ التحصیل ماسٹر ٹرینرز تربیت کے بعد ڈویڑنل سطح پر ٹرینرز کو تربیت دیں گے۔

سید ظہیرالاسلام شاہ کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی اس پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت محکمہ شماریات اور صوبائی حکومت کے اہلکار فیلڈ پر جاکر شہریوں کا مکمل ڈیٹا آن لائن نظام کے تحت حاصل کریں گے جبکہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت 23دِسمبر تک مکمل ہونے کے بعد 7جنوری سے 23جنوری تک انومریٹرزاپنا کام شروع کریں گے جس کے بعد اگلے سال فروری میں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ اْنہوں نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے جس پر ملک کے مستقبل کی منصوبہ بندی،تعمیرو ترقی اور عوامی خوشحالی کا دارومدار ہو تاہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کی بہترین منصوبہ بندی کے لئے نئی مْردم شماری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔اِس لئے خیبر پختونخواکی ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس حْکام سمیت پوری سرکاری مشینری محکمہ شماریات کے عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔اْنہوں نے عْلمائے کرام اور دیگر صاحب ِرائے طبقوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اِس سلسلے میں عوامی شعور اْجاگر کریں تاکہ یہ قومی فریضہ اور اس کے تمام مراحل پوری خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام پائیں۔

قبل اَزیں پاکستان بیورو آ ف اسٹیٹیسٹکس کے ڈائریکٹر شوکت علی خان نے سیکرٹری بلدیات کے ساتھ اْن کے دفتر میں ملاقات کی اور اْنہیں ساتویں مردم شماری کے لئے وفاقی سطح پر کئے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیااوراْن سے صوبائی سطح پر محکمہ بلدیات و انتخابات کے تعاون کی درخواست کی جبکہ سیکرٹری بلدیات نے محکمہ بلدیات کے دیگر حْکام کے ساتھ اجلاس کے دوران ساتویں مردم شماری کے سلسلے میں محکمہ بلدیات کے کردار اورتعاون سے متعلق اْمور کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پربعض ضروری فیصلے بھی کئے گئے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69432