Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مریضوں کے اطمینان کیلئے پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم تمام ہسپتالوں کا حصہ ہوگا-وزیرصحت

Posted on
شیئر کریں:

مریضوں کے اطمینان کیلئے پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم تمام ہسپتالوں کا حصہ ہوگا-وزیرصحت

صوبائی وزیرصحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا نصیراللہ بابر ہسپتال میں ڈائیلاسز،ڈینٹل و نرسری یونٹوں سمیت مریضوں کی صحت سہولیات سے متعلق آرا جاننے کیلئے پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم کا بھی افتتاح

جو وفاقی حکومت پیناڈول کی قیمت کا تعین نہیں کرسکتی، ادویات کی فراہمی کیسے یقینی بنائیگی، وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ اگر چہ وفاق نے ہمارے بجٹ کے 190 ارب روپے کے فنڈز روکے ہیں اس کے باوجود ہم عوامی مفاد پر مبنی منصوبوں پر ہم سمجھوتہ نہیں کررہے ہیں۔ مریضوں کے اطمینان کیلئے پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم تمام ہسپتالوں کا حصہ ہوگا۔ جو وفاقی حکومت پیناڈول کی قیمت کا تعین نہیں کرسکتی، ادویات کی فراہمی کیسے یقینی بنائیگی۔ ادویات کی فراہمی کیلئے بجٹ ہم فراہم کرتے ہیں اور ہم چھ مہینے پہلے ادویات کی خریداری کرتے ہیں تاکہ ہسپتالوں کو ادویات کی عدم فراہمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ گورنمنٹ نصیراللہ بابر ہسپتال کے مختلف شعبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے فضل الٰہی اور ملک واجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈائلاسیز، ڈینٹل و نرسری یونٹوں سمیت مریضوں کی صحت سہولیات سے متعلق آرا جاننے کیلئے پیشنٹ فیڈ بیک سسٹم سمیت میڈیسن وئیر ہاوس، سی سی یو اور نو تعمیر شدہ کانفرنس روم کا بھی افتتاح کیا۔

 

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ ہسپتال ہے جہاں دو ہزار مریض آتے تھے آج چار ہزار مریض روزانہ یہاں کی صحت سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں۔ہم نے ایم ایس کو معاشی اختیارات دیکر مختصر عرصے میں اعلی کام کروایا۔ سسٹم میں اچھے لوگ ہیں جو ہمارے ریفارمز کا حصہ بننا چاہتے ہیں لیکن ان کو کام کرنے سے مختلف حربوں سے روکا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم منتقلی پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ شہباز شریف کے اعلان کردہ 10 ارب پہنچے نہ اُس نے تاحال کپڑے بیچے۔ پہلے بتایا تھا کہ قبائلی اضلاع میں سیکیورٹی کی مخدوش حالات کے پیش نظر بجٹ پر کٹ نہ لگائیں۔ صوبہ اپنے جیب سے قبائلی اضلاع کے مطلوبہ فنڈز مہیا کررہا ہے۔ وفاق فنڈز روک کر صوبے کی سیکیورٹی پر سمجھوتہ کررہا ہے۔ سیلاب متاثرین کو کسی بھی دوسرے صوبے سے پہلے اور سہل طریقے سے مستفید کرارہے ہیں۔وزیر صحت نے کہا کہ وفاق آئی ایم ایف کو جھوٹ بولنے، اپنے ایم این ایز کو فنڈز دینے کے علاوہ کچھ نہیں کررہا۔ پنچاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھی وفاق کی طرف سے بجٹ کی عدم فراہمی کا رونا رورہے ہیں۔ انھوں نے مسلم لیگ ن کے سابقہ اور موجودہ وزرائے خزانہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ایکدوسرے پر الزام تراشی سے نکل کر عوام کا سامنا کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69396