
خیبرپختونخوا پولیس رولز میں ترمیم، اس ترمیم کی رو سے4500 ایسے امیدواران جنہوں نے پولیس میں بھرتی ہونے کے لئے تحریری امتحان میں 40 فیصد سے کم نمبرزلیئے تھے، مستفید ہونگے۔ بابر سلیم سواتی
خیبرپختونخوا پولیس رولز 1934 میں ترمیم، محکمہ قانون سے پاس ہو چکی ہے، اس ترمیم کی رو سے4500 ایسے امیدواران جنہوں نے پولیس میں بھرتی ہونے کے لئے تحریری امتحان میں 40 فیصد سے کم نمبرزلیئے تھے، مستفید ہونگے۔ بابر سلیم سواتی
بہت جلد صوبائی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا، مشیر داخلہ وقبائلی امور خیبرپختونخوا
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی امور بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی اور نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام تر ممکن وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں، یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی وساطت سے خیبرپختونخوا پولیس رولز 1934 میں ترمیم محکمہ قانون سے پاس ہو چکی ہے جس کو بہت جلد صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اس ترمیم کی روح سے4500 ایسے امیدواران جنہوں نے پولیس میں بھرتی ہونے کے لئے تحریری امتحان میں 40 فیصد سے کم نمبرزلیئے تھے، مستفید ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ امیدواران جن کے تحریری امتحان میں 25 فیصد نمبرات آئے ہیں وہ پاس امیدواروں کے فہرست میں تصور ہونگے صوبائی کا بینہ سے منظوری کے بعد ایسے امیدواران کی بھرتی کا عمل جلد از جلد شروع ہو جائیگا۔
ریجن بھر کے اضلاع سوات،بونیر،شانگلہ،دیر پائین،دیر بالا،باجوڑ،چترال پائین اور چترال اپر میں حالیہ دنوں میں پولیس نے کامیاب کاروائیاں عمل میں لائی۔ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان
سوات (چترال ٹائمز رپورٹ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان کی ہدایت پر ریجن کے تمام اضلاع میں پولیس کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ اور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے علاوہ سنیپ چیکنگ، نائٹ پٹرولنگ اور دیگر اہم کاروائیاں عمل میں لائی گئیں جن میں بڑی تعداد میں سنگین نوعیت کے جرائم میں مطلوب اشتھاریوں اور مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے،ناکہ بندیوں،پولیس آپریشنز اور مذکورہ دیگر کاروائیوں میں غیرقانونی اسلحہ کی بڑی تعداد اور منشیات بھی قبضے میں لئے گئے ہیں،ریجنل پولیس آفس ملاکنڈ سیدو شریف سوات کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان کے واضح ہدایات کے نتیجے میں ریجن بھر کے اضلاع سوات،بونیر،شانگلہ،دیر پائین،دیر بالا،باجوڑ،چترال پائین اور چترال اپر میں حالیہ دنوں میں پولیس نے کامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے خفیہ اطلاعات پر آپریشنز، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز، سنیپ چیکنگ، نائٹ پٹرولنگ،ناکہ بندیوں اور دیگر کاروائیوں میں مجموعی طور پرتقریباً 119 مطلوب اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ 1621 مشتبہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے،
اسی طرح پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 40عددایس ایم جی گن،19عدد رائفل،77عدد شارٹ گن،397عدد پستول اور 7024 عدد کارتوس بھی قبضے میں لے لئے ہیں،جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 17 عدد خنجر، میگزین101عدد،1.5کلوگرام دھماکہ خیز مواد،87عدد سیفٹی فیوز اور205عددڈینا مائینٹ، بھی قبضے میں لئے گئے ہیں،ریجن بھر میں پولیس نے منشیات کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 183.697کلوگرام چرس،تقریبا9.105کلوگرام افیون،5.148 کلوگرام ہیروئن،2.68 کلوگرام آئیس جبکہ 312 لیٹر شراب بھی قبضے میں لیا ہے،مزید برآں تقریباً 269ٹمبر سلیپران بھی تحویل میں لئے گئے ہیں،اسی طرح مختلف وارداتوں میں چھینی گئی رقم کے سلسلے میں تقریبا 14 لاکھ 86000 روپے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
ریجن کے تمام سیاحتی مقامات میں پولیس نے سیاحوں کی حفاظت اور ان کے استقبالیے و فسیلیٹیشن کے لئے بھی سیاحتی علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ نبھائیں ہیں اور سرمائی سیاحت کے لئے منعقد مختلف فیسٹیول میں اپنی فرائض کی ادائیگی بطریقہ احسن سرانجام دی ہے۔ اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر، منشیات، اور معاشرے میں سماجی برائیوں کے مرتکب افراد کے خلاف پولیس کی کاروائیاں بلا کسی تعطل جاری رہیگی اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا ئیگی،انھوں نے کہا تمام ڈی پی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں امن وامان کو بحال رکھنے سمیت،اشتہاروں،دیگر جرائم میں ملوث ملزمان،غیر قانونی اسلحہ،قبضہ مافیا،ڈرگ ڈیلرز،انڈرپلئی اور سود خوروں کے خلاف بلا کسی تاخیر ایکشن لیں۔