Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی کابینہ کا اجلاس، متعدد فیصلے، خیبر پختونخوا منرل آکشن رولز 2022  اور مالاکنڈ ڈویژن میں تعینات عدالتوں کے 80 معاونین قاضیوں کی مدت ملازمت میں توسیع ودیگرامور کی بھی منظوری

شیئر کریں:

صوبائی کابینہ کا اجلاس، متعدد فیصلے، خیبر پختونخوا منرل آکشن رولز 2022  اور مالاکنڈ ڈویژن میں تعینات عدالتوں کے 80 معاونین قاضیوں کی مدت ملازمت میں توسیع ودیگرامور کی بھی منظوری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا میں 19 میں سے 9 اکنامک زونز لانچ کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ 05 نئے اکنامک زونز پر کام جاری ہے۔ ان اکنامک زونز میں مجموعی طور پر 340 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ اسپیشل اکنامک زونز اور اکنامک زونز میں 1672 صنعتیں قائم ہیں جبکہ 167 بیمار صنعتی یونٹس کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ نئے اور اسپیشل اکنامک زونز میں مزید 363 نئے صنعتی پلاٹس الاٹ کیے گئے ہیں۔ ان صنعتی سرگرمیوں سے ایک لاکھ اٹھارہ ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔اکنامک زونز سے 9 فیصد خواتین اور 91 فیصد مردوں کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ جبکہ ان میں شہریوں کو 48 ہزار سے زائد براہِ راست روزگار کے مواقع ملے ہیں۔ یہ بات منگل کے روز وزیر اعلی کی صدارت میں منعقدہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتائی گئی۔

 

وزیر اعلٰی محمود خان نے اس سلسلے میں اکنامک زونز ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور ادارے کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔ صوبائی کا بینہ نے سی ای او ازدمک جاویداقبال کے کنٹریکٹ میں تین سال توسیع کی منظوری دے دی۔ صوبائی کابینہ کا 84 واں اجلاس سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئیر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ کابینہ نے وکلاء کے لئے ممنوعہ بور لائسنسوں کے اجراء کی منظوری دیدی. وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کا دائرہ عوام تک وسعت دینے کے لیے بھی کمیٹی طریقہ کار وضع کرے کابینہ نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے صنعتی شعبے میں ٹائر جلانے پر ایک سال کے لئے پابندی کا فیصلہ کیا۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا منرل آکشن رولز 2022 کی منظوری دی۔ اسی طرح صوبے میں سرکاری دفاتر میں (Paper less) ماحول اور ای گورنینس کے لئے صوبائی وزراء، معاونین خصوصی اور مشیروں کے لئے محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کے پی کے آٹی بورڈ کے تعاون سے ڈیجیٹل لٹریسی ٹریننگ کے انعقاد کی بھی منظوری دی۔

 

اجلاس میں ڈیجیٹل لٹریسی پر کابینہ ارکان کے ساتھ ٹریننگ سیشن بھی ہوا۔ صوبائی کابینہ نے ڈرافٹ خیبر پختونخوا منرل آکشن رولز 2022 اور شریعہ نظام عدل ریگولیش کے پیراگراف 6۔اے کی روشنی میں مالاکنڈ ڈویژن میں تعینات عدالتوں کے 80 معاونین قاضیوں کی مدت ملازمت میں توسیع کی بھی منظوری دے دی۔صوبائی کابینہ نے اینٹی ریپ(انوسٹیگیشن اینڈ ٹرائل) ایکٹ 2021 کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں سپیشل جنسی جرائم کی تفشیش کے ایک خصوصی یونٹ (SSIOUs) کے قیام کی منظوری دی۔صوبائی کا بینہ نے ضلع مردان میں اوقاف کی لیز اراضی پر 6 سپورٹس گراونڈز کے تعمیر کی منظوری دے دی جن میں وومن یونیورسٹی مردان کے قریب 50کینال پر گراونڈ کی تعمیر، شہباز گڑھی 30کینال، غلہ ڈھیر50کینال، شامت پور 30کینال، طوروخاص 20کینال اور یوسی کنڈر میں 40کینال پر گراونڈ کی تعمیر شامل ہے۔ اسی طرح صوبائی کابینہ نے اوقاف کی 30کینال لیز اراضی پر صوابی سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن اور اوقاف ہی کی 66کینال لیز اراضی پر محب بانڈہ ضلع مردان میں سپورٹس گراونڈ کی تعمیر کی منظوری دے دی۔

 

کابینہ نے حفظ الرحمان کو بطور ٹیکنوکریٹ ممبر لوکل گورنمنٹ کمیشن تعیناتی اور تحصیل کونسل (پروسیجر فار کنڈکٹ آف بزنس اینڈ میٹنگز) بائی لارز 2022 کی بھی منظوری دیدی۔ خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے سیکشن 113کے تحت صوبائی حکومت کومقامی حکومتوں کے لئے ماڈل بائی لازبنانے کا اختیار حاصل ہے۔ مذکورہ بائی لاز بھی ماڈل بائی لاز ہیں جن سے تمام مقامی حکومتوں کے معاملات اور اُمور میں یکسانیت یقینی بنائی جاسکے گی۔ اسی طرح بوسنیا کے شہر بی ہیک(Bihac) اور ایبٹ آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز صوبائی کا بینہ کے غورو خوص کے لیے پیش کی گئی کا بینہ نے اس سلسلے میں دونوں شہروں کے متعلقہ حکام کے دستخط کے لیے مفاہمت کی یاداشت تیار کرنے اور مفاہمت کی یاداشت کو وزات خارجہ کے توسط سے Bihac سٹی کے حکام کو بھیجنے کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے خیبر پختونخوا پرونشل ہاوسنگ اتھارٹی سروس رولز 2010کو منسوح کرنے کی منظوری دیدی کیونکہ پرونشل ہاوسنگ اتھارٹی سروس ریگولیشنز 2022کی منطوری کے بعد مزکورہ سروس رولز کی مزید ضرورت نہیں رہی۔

 

صوبائی کابینہ نے ضلع ایبٹ آباد میں ملک پورہ کے علاقے محلہ قاضی میں سڑک کی تعمیر کے لئے 24.11 مرلہ زمین محکمہ پولیس سے محکمہ مواصلات کو منتقل کرنے کی منظوری دے۔ اس سڑک کی تعمیر سے 15000 کی آبادی مستفید ہو گی۔اسی طرح صوبائی کابینہ نے ضلع دیر پائیں میں نئے تحصیل تالاش، ضلع ملاکنڈ میں اتمانخیل کے نام سے نئے تحصیل کے قیام اور ضلع مانسہرہ میں تناول کے نام سے نئے تحصیل کی منظوری دی۔ صوبائی کا بینہ نے مانسہرہ میں بجلی کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے چکسیر شانگلہ سے تعلق رکھنے والے ملازم آصف ولد زمین خان کو 10لاکھ روپے کے خصوصی معاوضہ پیکج کی منظوری دیدی۔اسی طرح بنک آف خیبر کے بورڈ آف ڈائریکٹرکے ممبران کی خالی آسامیوں کے لئے عابد ستار اور ڈاکٹر عالیہ ہاشمی خان کے ناموں کی منظوری دیدی۔

chitraltimes chief minister chairing kp cabinet meeting


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69167