Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مختلف شعبہ جات میں بہترین ریسرچ پروپوزل کے لیے 60 ملین روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔کامران بنگش۔ رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی کے کوٹے میں اضافہ۔عاطف خان

شیئر کریں:

مختلف شعبہ جات میں بہترین ریسرچ پروپوزل کے لیے 60 ملین روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔کامران بنگش

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے مختلف شعبہ جات میں بہترین ریسرچ پروپوزل کے لیے 60 ملین روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی ہے جبکہ صوبے کے لیے مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 10 سالہ سٹریٹیجک ریسرچ ایجنڈا وضع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔اس سلسلے میں خیبر پختونخوا ہائر ایجوکیشن ریسرچ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس پیر کے روز صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ داؤد خان، پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر، یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی، ایگریکلچر یونیورسٹی پشاور کے مینجمنٹ یونٹ کے افسران، محکمہ ہائر ایجوکیشن کے علاوہ فنانس اور اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بورڈ نے 30 ممکنہ ریسرچ پروپوزل کے لیے 60.042861 ملین روپے فنڈنگ کی منظوری دی۔ جو انجینئرنگ/ اپلائیڈ سائنسز/ فزیکل سائنسز، میڈیکل/ بائیولوجیکل سائنسز اور سوشل سائنسز/ مینجمنٹ/ I.T/ اور ہیومینٹیز کے شعبوں میں دی جائے گی۔خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈ، صوبے کی سماجی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ تحقیقی نظریات کی مکمل حمایت کرنے کے لیے پرعزم ہیں جن میں کمرشلائزیشن کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ صوبائی وزیر کامران بنگش نے سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی، جس کے ممبران پشاور یونیورسٹی اور انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلرز ہوں گے تاکہ صوبے کے لیے مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 10 سالہ سٹریٹیجک ریسرچ ایجنڈا وضع کیا جا سکے۔

 

صوبائی وزیر خوراک عاطف خان کی ہدایت پر عوام کو سرکاری رعایتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی کے کوٹے میں اضافہ، روزانہ 5 ہزار میٹرک ٹن سبسیڈائزڈ آٹا عوام کو فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے سرکاری رعایتی نرخوں پر روزانہ کی بنیاد پر آٹا فراہم کرنے کیلئے ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت روزانہ کی بنیاد پر صوبے کے تمام اضلاع میں عوام کو گھر کی دہلیز پر سبسیڈائزڈ آٹا فراہم کیا جارہا ہے اس حوالے سے صوبائی وزیر خوراک عاطف خان کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو سرکاری رعایتی آٹے کا کوٹہ 4 ہزار میٹرک ٹن سے 5 ہزار میٹرک ٹن تک بڑھا دیا جس پر آج سے عملدرآمد کیا جائے گا، صوبائی وزیر خوراک عاطف خان نے اس حوالے سے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا ہے کہ عوام کو ریلیف اور سہولیات کی فراہمی ہمیشہ سے ہی ہماری اولین ترجیح رہی ہے جس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت نے کئی ایک اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی جیسا انقلابی اقدام بھی شامل ہے، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ہم نے لوگوں کو صاف اور شفاف طریقے سے ہی انکے گھروں کی دہلیز پر ہی آٹے کی فراہمی کا آغاز کیا ہے، عاطف خان نے کہا کہ متعلقہ حکام سرکاری آٹا ڈیلروں کی چیکنگ یقینی بنائیں تاکہ عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی ہو سکے، انھوں نے کہا کہ غیر معیاری اٹے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ ہم اپنے محدود وسائل کے باوجود لوگوں کے لئے اس قسم کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69124