Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش قبیلے کا تاریخی اور قدیمی تہوار چاومس کا آغاز،رسومات کی ادائیگی جاری

Posted on
شیئر کریں:

کالاش قبیلے کا تاریخی اور قدیمی تہوار چاومس کا آغاز،رسومات کی ادائیگی جاری
خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے وادی میں چراغان کردیاگیا،مختلف مقامات پر روشنی کیلئے لائٹس لگادی گئی، ٹورازم سہولت سنٹر چترال سے سیاحوں کو ہرممکن مدد فراہم کی جا ری ہے۔

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) چترال کی حسین وادی کالاش کا سالانہ تاریخی اور قدیم تہوار چاوموس کا آغاز ہو گیا۔ خیبرپختونخواکلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے وادی میں مختلف مقامات پر رسومات کی ادائیگی میں آسانی کیلئے روشنی کی فراہمی کیلئے بلب لگا کر چراغاں کردیا گیا جبکہ فیسٹیول کیلئے وادی کا رخ کرنے والے سیاحوں کو ٹورازم اتھارٹی کے ٹورسٹ سہولت سنٹر چترال شہر سے ہرقسم کی معلومات سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وادی کیلاش میں منعقد ہونے والے پندرہ روز تہوار میں کیلاش کی تینوں وادیوں میں جشن کا سماء ہوتا ہے۔فیسٹیول میں چھوئی ناری کی رسم جس میں لڑکے لڑکیاں مقدس مقام کی اونچی ڈھلوان پر جاتے ہیں اورآگ جلا تے ہیں اور پھر لڑکیاں اور لڑکے علیحدہ علیحدہ آگ میں سے دھوئیں کے مرغولے اُٹھاتے ہوئے آپس میں مقابلہ کرتے ہیں جس گروہ کے آگ کا دھواں زیادہ اونچائی کو چھوتا ہے وہ گروہ جیت جاتاہے۔ چاؤموس فیسٹیول میں منائے جانے والے تہواروں میں منڈاہیک اور شارا بیرایک کی رسم بھی شامل ہے۔

شارابیرایک رسم میں کیلاشی اپنے گھروں میں آٹے سے مختلف اشیاء جس میں مارخور، چرواہے، گائے، اپنے بزرگوں کی نشانیاں اور دیگر مختلف چیزیں بناتے ہیں جس کو آگ میں پکانے کے بعد دھوپ میں رکھا جاتا ہے اور تیار ہوجانے کے بعد اس کو اپنے ہمسایوں میں تحفہ کے طور پر تقسیم کرتے ہیں۔ جس کا مقصد خوشحالی، سالگرہ اور چاوموس فیسٹیول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس دوران یہ اپنے رسمی گانے، نغمے گنگنا کر خوشی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ منڈاہیک رسم میں کیلاشی قبیلے کے افراد ہاتھوں میں پائن درخت کی لکڑی میں آگ جلا کر پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہیں جو کے ان کے وفات پا جانے والے عزیزو اقارب کی یاد میں ہوتی ہیں۔ کیلاش قبیلے کا منفرد چاؤموس تہوار 21دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس تہوار سے لطف اندوز ہونے اور اس کو دیکھنے کیلئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں غیر ملکی اور ملکی سیاح کیلاش قبیلے کا رخ کرتے ہیں۔

 

chitraltimes kalash festival chomas starts in kalash valley 2 chitraltimes kalash festival chomas starts in kalash valley 1

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
69116