Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملک میں ادویات کی قلت کا شدید خطرہ ہے، حکومت دوا سازی کے اجزاء کی درآمد کے لیے فوری اقدامات کرے.پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن

شیئر کریں:

ملک میں ادویات کی قلت کا شدید خطرہ ہے، حکومت دوا سازی کے اجزاء کی درآمد کے لیے فوری اقدامات کرے. پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن

اسلام آباد ( چترال ٹایمز رپورٹ ) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دوا سازی کے اجزاء کی درآمد کے لیےعدم تعاون کے باعث ملک میں ادویات کی قلت کا خدشہ ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان میں صحت کا شعبہ مزید بگاڑ کا شکار ہو جائے گا۔ پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر افتخار برنی نے کہا ہے کہ ملک میں دوا ساز کمپنیوں کی ایسوسی ایشن PPMA کے مطابق زیادہ تر دوا ساز کمپنیوں کے پاس مستقبل کےلیے صرف 2 ماہ کا خام مال ہی موجود ہے۔ پیما عہدیداران نے کہا کہ یہ صورتحال فوری اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ دوا ساز کمپنیوں کو اسٹیٹ بینک سے بھی کچھ شکایات ہیں کیونکہ خریداری کے لیے اجازت نامہ ملنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں صحت کا نظام پہلے ہی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔ اس دوران اگر ادویات کی قلت بھی ہو گئی تو یہ شعبہ مزید بگاڑ کا شکار ہو جائے گا۔ اگر حکومت کی جانب سے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو ہمیں خدشہ ہے کہ یہ صورت حا ل بلیک مارکیٹنگ اور اسمگلنگ کی طرف جائے گی اور آخر کار ادویات کی قیمتیں پاکستان کے غریب عوام کی پہنچ سےباہر ہو جائیں گی۔ پیما مطالبہ کرتی ہے کہ کسی بھی خراب صورتحال سے بچنے کی کوشش کی جائے اور پاکستانی عوام کے لئے مناسب قیمت ادویات بالخصوص جان بچانے والی ادویات کی فراہمی کے لیے فوری طور پر مناسب اقدامات کیے جائیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68873