Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز سے گرم چشمہ بازار روڈ کی مرمت کا افتتاح 

Posted on
شیئر کریں:

 ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز سے گرم چشمہ بازار روڈ کی مرمت کا افتتاح

گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹایمز) گزشتہ سال اپنے دورہ گرم چشمہ کے دوران ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے گرم چشمہ بازار روڈ کی مرمت کے لئے فنڈز کی فراہمی کا یقین دلایا تھا۔ وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے آج گرم چشمہ بازار روڈ کی مرمت کے کام کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں جمعیت علمائے اسلام کے ممبر صوبائی جنرل کونسل نصرت الہی، تحصیل چترال کے سینئر نائب امیر مفتی ضمیر احمد، پی اے ٹو ایم پی اے حبیب، چیئرمین ایل ڈی ایف قیمت خان، جنرل سیکریٹری ایل ڈی ایف نظار شاہ، سیکریٹری بازار بازار یونین نوح احمد، وی سی ممبر سید ولی، وی سی چیئرمین زین العابدین اور گرم چشمہ کے معتبرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

ممبر صوبائی جنرل کونسل جے یو آئی نصرت الہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے نے حسب وعدہ بازار گرم چشمہ روڈ کے لئے 71 لاکھ روپے فراہم کرکے علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔  اس سلسلے میں ہم ایم پی ا ے مولانا ہدایت الرحمن  کا اپنی طرف سے اور علاقہ لٹکوہ کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چونکہ گرم چشمہ بازار سے لٹکوہ کی پوری آبادی مستفید ہوتی ہے اس لئے یہ کسی خاص علاقے یا گاؤں کا پراجیکٹ نہیں ہے بلکہ اس سے پورا علاقہ مستفید ہوگا۔ ایم پی اے ایک ویژنری لیڈر ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ اسی طرح علاقے کے عوام کے مسائل کا ازالہ کرتے رہیں گے۔

 

سینئر نائب امیر تحصیل چترال مفتی ضمیر احمد نے کہا کہ آج گرم چشمہ کے عوام کا خلوص دیکھ کر ہمیں بھی ایم پی اے صاحب کے فنڈز فراہمی کے فیصلے پر خوشی ہوئی ہے۔ ہم گرم چشمہ کے عوام کے لئے ایم پی اے سے درخواست کرکے مزید فنڈز فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ وی سی ممبر سید ولی نے اتنے خطیر رقم کی فراہمی پر ایم پی اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرم چشمہ میں سڑکوں اور ہسپتال کا بہت بڑا مسئلہ ہے ہم ایم پی اے سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ان ایشوز پر بھی کردار ادا کرے۔

 

ایل ڈی ایف کے جنرل سیکریٹری نظار شاہ نے کہا کہ ایل ڈی ایف کی درخواست پر گرم چشمہ کے بازار روڈ کی تعمیر کے لئے خطیر فنڈز فراہم کرنے پر ہم ایم پی اے کے مشکور ہیں۔ اس وعدے کی تکمیل سے ایم پی اےسے ہمارے توقعات مزید بڑھ گئے ہیں امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ہمارے علاقے کے لئے مختلف مد میں فنڈز کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ہم پورے علاقے کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی ان کو مزید کامیابیاں عطا کرے۔

 

آخر میں ایل ڈی ایف کے چیئرمین قیمت خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن وعدوں کی تکمیل کا دن ہے۔ آج کا دن یہ ثابت کررہا ہے کہ ہماری لیڈرشپ ہر قسم کی تعصب اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر چترال کے تمام علاقوں میں کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔میں بحیثیت چیئرمین ایل ڈی ایف کے جملہ لیڈرشپ و ممبران کی جانب سے ایم پی اے کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر گرم چشمہ بازار کے ایک دیرینہ مسئلے کے حل کے لئے فنڈز فراہم کئے۔

chitraltimes garamchashma bazar road repair works starts 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
68863