Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی عمران خان کے بیانیے کی فتح ہیں۔ محمود خان 

Posted on
شیئر کریں:

 

کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی عمران خان کے بیانیے کی فتح ہیں۔ محمود خان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے آزاد جموں اور کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر پارٹی قائد عمران خان، پارٹی کی سینئر لیڈر شپ ، پارٹی امیدواروں اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج عمران خان کے بیانیے کی فتح ہیں اور اب یہ تبدیلی نہیں بلکہ ایک انقلاب ہے جس کے سامنے اب کوئی نہیں ٹھہر سکتا۔ ان انتخابات کے نتائج نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک طاقت بن چکی ہے جس کا مقابلہ کرنا دیگر سیاسی جماعتوں کے بس کی بات نہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک ناقابل تسخیر جماعت بن چکی ہے اور یہ واحد جماعت ہے جو وفا ق کی علامت ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں میں پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، یہ جماعتیں گلی کوچوں کی سیاست کریں، تحریک انصاف کا مقابلہ کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ خیبرپختونخوا کی طرح پورے ملک کے عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور یہ واضح کر دیا کہ کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کرے گی اور دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے کہ کونسی سیاسی جماعت اور کونسا لیڈر اس غیور قوم کی قیادت کر سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرنے پر آزاد کشمیر کے  باشعور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات نے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کردی ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان ہی عوامی امنگوں کے ترجمان ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام نے پوری قوم کی تقدیر کا فیصلہ سنا دیا ہے اور امپورٹڈ حکمرانوں کو ٹھکرا دیا ہے۔ اب ان کے پاس اقتدار کے ساتھ چمٹے رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔

 

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈانگرام ہاوسنگ سکیم میں میڈیا کالونی کے پرویژنل الاٹمنٹ لیٹر ز ضلع سوات کے صحافیوں کو حوالے کر دیئے

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈانگرام ہاوسنگ سکیم میں میڈیا کالونی کے پرویژنل الاٹمنٹ لیٹر ز ضلع سوات کے صحافیوں کو حوالے کر دیئے ہیں۔ ڈانگرام ہاﺅسنگ سکیم میں میڈیا کالونی کے حوالے سے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاو س میں ایک تقریب منعقدہوئی جس میں وزیراعلیٰ نے چیئرمین سوات پریس کلب سعید الرحمن، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر محبوب علی اور دیگر کو پلاٹوں کے پرویژنل الاٹمنٹ لیٹرز حوالے کئے۔یاد رہے کہ ڈانگرام ہاو سنگ سکیم کا مجموعی رقبہ 500 کنال ہے جبکہ ہاوسنگ سکیم کل 682 پلاٹس پر مشتمل ہے جن میں 426 پلاٹس 5 مرلے اور 256 پلاٹس 7 مرلے کے ہیں۔ ہاو ¿سنگ سکیم میں 5 مرلے کے 71 پلاٹس سوات کے صحافیوں کے لئے سیلف فنانس کی بنیاد وں پر مختص ہیں۔ ڈانگرام ہاو سنگ سکیم کا تقریباً 37 فیصد رقبہ رہائشی، 3.5 فیصد کمرشل، تقریباً 33 فیصد پارکس اور گرین ایریا اورتقریباً 2 فیصد قبرستان کیلئے مختص ہے۔ ہاوسنگ سکیم کی دیگر خصوصیات میں زیر زمین بجلی کا نظام، زیر زمین سیوریج کا نظام، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا قیام، مسجد، تعلیمی سہولیات، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق لوگوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھا رہی ہے جو فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ہاو سنگ سوسائٹیز شروع کر رکھی ہیں تاکہ شہریوں کو آسان رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جمہوریت میں صحافیوں کا کردار انتہائی اہم ہے اور موجودہ صوبائی حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھارہی ہے۔ صوبائی وزرائڈاکٹر امجد علی، محب اللہ خان، رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان، سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان،جنرل سیکرٹری سوات پریس کلب نیاز احمد خان، جنرل سیکرٹری سوات یونین آف جرنلسٹس سلیم اطہراور ممبر گورننگ باڈی شیرین زادہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68800