Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کردی

Posted on
شیئر کریں:

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کردی

کراچی(چترال ٹایمز رپورٹ)سعودی حکومت نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں مزید مزید ایک سال کے لیے توسیع کردی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے ڈپازٹ کروائے گئے 3 ارب ڈالر کے فنڈ کی مدت میں توسیع کردی، ڈپازٹس کی معیاد ایک سال بڑھانا پاک سعودی مضبوط خصوصی تعلقات کا عکاس ہے۔اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی۔ ذرائع کے مطابق سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال بھی نہیں کیا جا سکے گا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اس حوالے سے سعودی ولی عہد سے بات ہوئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔یاد رہے کہ نومبر 2021 میں سعودی فنڈ برائے ترقی ایس ایف ڈی اور اسٹیٹ بینک کے درمیان 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

 

سائفر سامنے لانے والے اسد مجید کو سیکریٹری خارجہ تعینات کردیا گیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)عمران خان کے دور حکومت میں سائفر سامنے لانے والے اسد مجید کو سیکریٹری خارجہ تعینات کردیا گیا۔ ڈاکٹر اسد مجید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر بھی تعینات رہے، اب انکا سیکریٹری خارجہ تعیناتی کے طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ڈاکٹر اسد مجید نے بطور امریکا میں پاکستانی سفیر سائفر کو پاکستان بھجوایا تھا، وہ اس سے قبل بیلجئیم میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔دوسری جانب سائفر پر سیاست کرنے کے حوالے سے عمران خان اور اعظم خان کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جبکہ مبینہ آڈیو میں سائفر پر سیاست کرنے کے حوالے سے کابینہ کے منٹس تبدیلی سے متعلق گفتگو کی گئی تھی، واشنگٹن میں ان کے اخری دنوں میں متنازع سائفر پر بہت بڑا تنازع کھڑا ہوا تھا۔

 

وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دیدی

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی منظوری دیدی۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے نئے آرمی چیف کی نامزدگی کے فوراً بعد قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دیدی تھی، جو جی ایچ کیو، وزارت دفاع سے پراسیس ہوتی ہوئی وزیراعظم آفس پہنچی جس کی شہباز شریف نے منظوری دیدی۔یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اپریل 2023ء میں ریٹائر ہونا تھا۔دوسری جانب لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، وہ 27 اپریل 2023 کو ریٹائرڈ ہو رہے تھے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68732