Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس؛ پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے اقدامات پر غور، ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں یا اسمبلیاں تحلیل کر دیں، عمران خان

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس؛ پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے اقدامات پر غور، ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں یا اسمبلیاں تحلیل کر دیں، عمران خان

لاہور( چترال ٹایمز رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہوا، جس میں وفاقی وزرا، سینئر لیگی رہنما، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور اراکین پنجاب اسمبلی شریک ہوئے، جن میں حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ سعد رفیق، احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ، ملک احمد خان، اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق اور دیگر شامل تھے۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی نیز وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ شب پارٹی قائد نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے ورچوئل اجلاس کی سفارشات کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔اہم ہنگامی اجلاس میں وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ گورنر راج کے نفاذ حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کو ناراض پی ٹی آئی اراکین سے رابطوں کے سلسلے میں آگاہی دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کو پنجاب اسمبلی کے معطل لیگی ارکان کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں تحریک عدم اعتماد، اعتماد کا ووٹ لینے اور گورنر راج کے نفاذ سمیت تمام ممکنہ قانونی و آئینی آپشنز پر مشاورت کی گئی۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف آج صبح ہی اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا لاہور میں قیام 2 سے 3 روز پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔

 

imran khan talking to journalist

ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں یا اسمبلیاں تحلیل کر دیں، عمران خان

لاہور(سی ایم لنکس)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں، بات کریں یا پھر اسمبلیاں تحلیل کر دیں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس معیشت ٹھیک کرنے کے لیے کوئی روڈ میپ نہیں ہے اور ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں معیشت 6 فیصد گروتھ کر رہی تھی لیکن اب پاکستان میں ڈیفالٹ رسک 100 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اسحاق ڈار آج چپ کر کے بیٹھا ہوا ہے۔عمران خان نے کہا کہ 50 سال میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے اور مہنگائی بڑھنے سے اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں بیروزگاری بھی بڑھتی جار ہی ہے جبکہ سیاسی استحکام کے لیے فوری انتخابات کی طرف جانا ہو گا کیونکہ سیاسی استحکام تک ملک میں معاشی استحکام نہیں آسکتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو 66 فیصد ملک میں انتخاب ہو گا۔ یہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر انتخابات کی تاریخ دیں یا پھر ہم اسمبلیاں تحلیل کر دیں۔ ق لیگ ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور پرویز الہٰی نے کہا ہے جب میں کہوں گا اسمبلی تحلیل کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ان کو موقع دے سکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں۔ یہ انتخابات سے خوفزدہ ہیں اور انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں ہے۔ میں نے ملک کی بہتری کے لیے سوچا کہ فوری انتخابات کی طرف جائیں اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مقصد فوری انتخاب کی طرف جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب نئی حکومت آئے گی تو ملک میں استحکام آئے گا اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ پاکستان کے لیے کیا ہے۔ بیرون ملک سے سرمایہ کاری نہیں آرہی ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68728