Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 2500 اسکول لیڈرز کی بھرتیوں کے آرڈرز جاری کر دیے، صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی

شیئر کریں:

 2500 اسکول لیڈرز کی بھرتیوں کے آرڈرز جاری کر دیے، صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی
صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،شہرام خان ترکئی

سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی، میرٹ پر شفاف طریقے سے اساتذہ کی بھرتی و مستقلی، سکول لیڈرز کی بھرتی، سکولوں میں کمپیوٹر لیبز کے قیام سمیت سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرناپی ٹی آئی حکومت کے اہم اقدامات ہیں

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ آج میں اللّہ اور اپنے عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گیا ہوں۔ جو وعدہ اپنی عوام سے کیا تھا کہ محکمہ تعلیم میں جدت، مہارت اور احتساب کا نظام لے کے آئیں گے اس سلسلے کی سب سے مضبوط کڑی سکول لیڈرز کی بھرتیاں تھیں جسے آج پایہ تکمیل تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ تعلیم سے منسلک عوامی اور سماجی حلقوں سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر سکول لیڈرز کی بھرتیوں کے حوالے سے محکمہ تعلیم سے منسلک عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی اور حکومت خیبر پختونخوا کا بھرپور شکریہ ادا کیا گیا۔ انھوں نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں مانیٹرنگ، پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور اساتذہ کی رہنمائی کے حوالے سے بھرتی کیے گئے سکول لیڈرز حکومت خیبرپختونخوا کی تعلیمی نظام میں اعلی تعلیم یافتہ نوجوان اور جدت لانے کے حوالے سے سنجیدگی ظاہر کرتے ہیں۔شہرام خان ترکئی نے کہا کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس کا واضح ثبوت سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی، میرٹ پر شفاف طریقے سے اساتذہ کی بھرتی و مستقلی، سکول لیڈرز کی بھرتی، سکولوں میں کمپیوٹر لیبز کے قیام سمیت سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کے فروغ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68726