Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اپنا آئینی منصب سنبھال لیا، مختلف وفود سے ملاقات

Posted on
شیئر کریں:

 گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اپنا آئینی منصب سنبھال لیا، مختلف وفود سے ملاقات

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد اپنا آئینی منصب جمعرات کے روز باقاعدہ طور پر سنبھال لیاہے۔ وہ بحیثیت گورنر خیبرپختونخوا تمام آئینی امور نمٹانے کیلئے پر عزم ہیں۔گورنر کا گورنر ہاؤس میں جمعرات کے روزپہلا روز انتہائی مصروف گزرا، پشاورسمیت صوبہ بھر سے سیاسی، سماجی شخصیات سمیت عوامی حلقوں کی آمدہوئی اور گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو انکے نئے منصب پر مبارکباد پیش کی۔ گورنر حاجی غلام علی کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی ٹیلیفون کیا اور نئے منصب پر مبارکباد اور نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

گورنر سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی رہنما سکندرحیات شیرپاؤ عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی خوشدل خان ایڈووکیٹ نے بھی گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ کی صدارت میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دیگر عہدیداروں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے بھی جمعرات کے روز گورنرہاؤس کادورہ کیا اور گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو نئی آئینی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

 

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نئے تعینات ہونیوالے گورنرحاجی غلام علی گذشتہ39 سال سے جمعیت علماء اسلام (ف) سے وابستہ ہیں۔ 1983-90 کے دوران میونسپل کارپوریشن پشاور کے کونسلر رہے ہیں،2006 سے 2009 تک ضلع پشاور کے ناظم اعلی جبکہ 2009-15 کے دوران سینیٹر رہ چکے ہیں، 2009 سے 2012 تک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔ 2011 میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر منتخب ہوئے جبکہ2012 سے 2017 تک 58 اسلامی ممالک کے چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدر بھی رہے ہیں جوکہ اسلامی ممالک کی تنظیم کی جز ہے۔ اسی طرح ٹرائبل چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے بانی رہ چکے ہیں، جبکہ چائنہ /جنوبی ایشیاء بزنس فورم کے مشیر اور فیڈرل بورڈ آف انویسمنٹ کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔اس کے علاوہ لمز لاہور، آئی بی اے کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ہیں اور نیشنل ووکیشنل اورٹریننگ کمیشن آف پاکستان کے تھنک ٹینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرکے بھی رکن ہیں۔

Governor KP Delegations fpcci met ghulam ali 3 Governor KP Delegations fpcci met ghulam ali 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
68366