Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی ہے، آئی ایس پی آر

Posted on
شیئر کریں:

آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی ہے، آئی ایس پی آر

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)آئی ایس پی آر نے جی ایچ کیو کی جانب سے جوائنٹس چیفس آف اسٹاف اور آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری وزارت دفاع کو بھیجنے کی تصدیق کردی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سمری وزارت دفاع کو بھیج دی گئی ہے۔دوسری جانب وزارت دفاع نے سمری ملنے کی تصدیق کردی اور بتایا کہ موصول ہونے والے ڈوزیئر میں 6 لیفٹیٹنٹ جنرلز (لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد، لیفٹیننٹ جنرل اظہر، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود اور لیفٹیننٹ جنرل عامر) کے نام شامل ہیں۔وزارت دفاع جی ایچ کیو کی جانب سے بھیجے جانے والے ڈوزیئر کو وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کرے گا، جس کے بعد حکومت اتحادیوں کی مشاورت سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا انتخاب کرے گی اور پھر اسے منظوری کیلیے صدر مملکت عارف علوی کے پاس بھیجا جائے گا۔حکومت نے اہم تعیناتی اور دیگر ملکی سیاسی صورت حال پر غور کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 23 نومبر کی شام طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

 

 

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے وزارت دفاع کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول

اسلام آباد(سی ایم لنکس)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے ٹویٹ کے مطابق سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف مروجہ طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے

 

 

اہم تعیناتیوں کے لیے کل تک نام فائنل ہوجائیں گے، وزیر دفاع

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملاقات کی جس میں آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے خواجہ اصف نے کہا کہ سمری پر قانونی پراسس جاری ہے، جس میں  ایک دو دن لگ سکتے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا سینیئر ترین کا مجھے علم نہیں ہے، کل تک نام فائنل ہو جائیں گے، اتحادیوں اور کابینہ کو بھی فیصلے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اتنے آرٹیکلز کا نہیں پتہ، آپ نے پڑھا ہو گا، آپ کو پتہ ہو گا، صدر ہو یا وزیراعظم، قومی مفاد میں آئین کے تحت فیصلے کرنے چاہئیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پہلے ایک سمری آ نے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میڈیا کو سیاسی دھڑے بندیوں کی نمائندگی نہیں کرنی چاہیے۔تقرریوں کے معاملے پر وزیراعظم آج اتحادی جماعتوں سے حتمی مشاورت کریں گے۔ جس کے بعد اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔جی ایچ کیو نے جوائنٹس چیفس آف اسٹاف اور آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری وزارت دفاع کو ارسال کردی ہے۔ وزارت دفاع کی سمری وزیر اعظم آفس کو بھی موصول ہوگئی ہے۔ڈوزیئر میں 6 لیفٹیٹنٹ جنرلز (لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد، لیفٹیننٹ جنرل اظہر، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود اور لیفٹیننٹ جنرل عامر کے نام شامل ہیں۔حکومت نے اہم تعیناتی اور دیگر ملکی سیاسی صورت حال پر غور کرنے کے لیے اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اج شام طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

 


شیئر کریں: