Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیرِ صدارت پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کا اہم اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیرِ صدارت پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کا اہم اجلاس

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیرِ صدارت پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ(پی ایس ایس) کا اہم اجلاس منگل کے روز محکمہ داخلہ و قبائلی اُمور سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں ادارے کی فعالیت سے متعلق اُمور اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے داخلہ و قبائلی اُمور بابر سلیم سواتی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات،چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے سافٹ ویئر اور دیگر اُمور سمیت اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ محکمہ داخلہ کے موجودہ سٹاف کو پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے اُمور کی انجام دہی پر مامور کیا گیا ہے۔ معلومات کے تیز رفتار تبادلے اور سیکریٹریٹ کے اُمور کی احسن انداز میں انجام دہی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ وفاقی ایجنسیوں اور محکموں کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔

 

وزیر اعلیٰ محمود خان نے پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کو فعال بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت سیکریٹریٹ کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے درکار فنڈز اور سٹاف کی فراہمی سمیت تمام تر مطلوبہ تعاون ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پالیسی لیول کے فیصلوں کے لیے ہر چھ ماہ کے بعد اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اسی طرح ہر تین ماہ کے بعد پراونشل سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں معلومات کا تیز رفتار تبادلہ یقینی بنانے کے لیے ہیڈ کوارٹر الیون کور میں قائم فیوژن سیل کو پراونشل سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے ساتھ انٹگریٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو غیر قانونی سم کارڈز، این سی پی گاڑیوں، سائبر کرائمز، دھماکہ خیز مواد اور بھتہ خوری وغیرہ کے کیسز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر بھی فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹریٹ شراکت داروں کی ماہانہ پراگرس رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ اور ہیڈ کوارٹر الیون کور کے ساتھ شیئر کرے گا جبکہ محکمہ داخلہ بھتہ خوری اور دیگر غیر قانونی کیسز کے حوالے سے عوامی شکایات کے حصول کے لیے طریقہ کار اپنی متعلقہ ویب سائٹ پروضع کرے گا ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68312