Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی کابینہ کااجلاس، صوبائی کابینہ نے اپر چترال کی تحصیل ملکھوتورکھوکو دو ریوینو تحصیلوں ملکھو اور تورکھو میں تقسیم کرنے کی منظوری دیدی، صوبے کے تمام سرکاری کالجوں کے لاکھوں طلبہ و طالبات داخلہ اور ٹیوشن فیسیں معاف کیے گئے ہیں، ۔وزیراعلیِ 

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی کابینہ کااجلاس، صوبائی کابینہ نے اپر چترال کی تحصیل ملکھوتورکھو کو دو ریوینو تحصیلوں ملکھو اور تورکھو میں تقسیم کرنے کی منظوری دیدی، صوبے کے تمام سرکاری کالجوں کے لاکھوں طلبہ و طالبات داخلہ اور ٹیوشن فیسیں معاف کیے گئے ہیں، ۔وزیراعلیِ

پشاور ( نمایندہ چترال ٹایمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری کالجوں بشمول کامرس کالجزمیں زیر تعلیم لاکھوں طلبہ و طالبات کو انصاف تعلیم کارڈ کے ذریعے مفت تعلیم دینا صوبائی حکومت کاانقلابی فیصلہ ہے جس کے تحت سیلاب زدہ علاقوں سمیت پورے صوبے کے طلباءطالبات کو داخلہ اور ٹیوشن فیسیں معاف کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے سکولوں، کالجز اور ہسپتالوں سمیت دیگر مکمل شدہ اور تکمیل کے قریب سرکاری منصوبوں کے لیے متعلقہ عملے کی منظوری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے منصوبوں کے حوالے ایس این ایز ایک ہفتے کے اندر بھیجنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مکمل شدہ اداروں میں عملے کی بروقت تعیناتی ہو اور ان سے عوام مستفید ہوں۔ وزیر اعلی نے قومی تعمیر کے محکموں کے کاموں کو شفاف تر بنانے کے لیے ان کو ای ٹینڈرنگ پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی بھی ہدایت کی۔

 

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کابینہ کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کابینہ میں۔لئے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اعلی تعلیم کے صوبائی وزیر کامران بنگش اور اطلاعات و تعلقات عامہ کے لیے وزیر اعلی کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ انصاف صحت سہولت کارڈ کے بعد انصاف تعلیم کارڈ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا دوسرا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ صوبائی ابینہ نے صوبے میں غربت اور عوام کی مالی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے کے تمام بوائزاور گرلز سرکاری کالجز بشمول کامرس کالجز میں طلباءو طالبات کو داخلہ اور ٹیوشن فیس کی معافی کیلئے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو انصاف تعلیم کار ڈ کیلئے998.500 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔اس سے صوبے کے 274 زنانہ و مردانہ کالجز کے 2لاکھ 44ہزار 858طلبا ءو طالبات کو تعلیمی سال 2022-23ءکے فیس معاف ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے محکمہ ما حولیات کو پارے (Mercury) اور پارے کی مرکبات سے خارج ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے حوالے سے مناٹا کنونشن آن مرکری (Minata Convention on Mercury) کو ماحویات کے تحفظ کے قانون 2014کے شیڈول میں شامل کرنے کے لیے شیڈول میں ترمیم کی اجازت دیدی۔ یاد رہے کہ مناٹا کنونشن آن مرکری پر 10اکتوبر 2013 کو دستخط کئے گئے اور دسمبر 2020میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اس کنونشن کی توثیق کی گئی۔ انہوں نے کہا ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران کا وژ ن ہے جس کے لیے صوبائی حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 

اسی طرح کابینہ نے بڑھتے ہوئے مالی اہداف ا اور مقامی مارکیٹ میں ٹمبر کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے خیبر پختونخوا ڈیوٹی آن فارسٹ پروڈیوس رولز 2004کے تحت خیبر پختونخوا فارسٹ آردیننس 2002کے شیڈول ون کے مطابق تمام لکڑیوں، ایندھن کے لیے استعمال ہونے لکڑی اور دیگر جنگلی مصنوعات پر ڈیوٹی میں اضافے کے اعلامیے کی منظوری دیدی جس کے تحت بلیو پائن پر فی مکعب فٹ ڈیوٹی 40روپے فٹ سے بڑھا کر 50روپے فی فٹ کرنے اور چیڑ سمیت دیگرٹمبر اقسام پر ڈیوٹی 35روپے فی مکعب فٹ سے بڑھا کر 40روپے فی مکعب فٹ کرنے کی بھی منظوری دی جس سے صوبے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے متعلقہ قوانین کی روشنی میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے مشاورت کے بعد ڈاکٹر سید سبحان اللہ کی انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبیونل پشاور کے ممبر ٹیکنیکل کی حیثیت سے تقرری کی منظوری دیدی۔ ممبر ٹیکنیکل کی نشست 21اکتوبر 2021کو متعلقہ ممبر کی رکنیت کی مدت کی تکمیل کے بعد خالی ہوئی تھی۔

 

اسی طرح کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی محکمہ صحت کے ہیلتھ ہروفیشنل الاونس کا دائرہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہومیو/طب (بی ایس -17)اور ہومیو ڈاکٹر اور طبیبوں (بی ایس -16)تک بڑھانے کی بھی منظوری دیدی۔ کامران بنگش اور بیرسٹر محمد علی سیف نے مزید بتایا کہ صوبائی کا بینہ نے کیٹگری -ڈی ہسپتال میدان دیر پائین کو شہید ملک جہان عالم کے نام سے موسوم کرنے کی منظوری دیدی۔ یادرہے کہ 6اگست 2022کو صوبائی اسمبلی کے رکن ملک لیاقت علی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں ان کے بھائی ملک جہان عالم شہید ہوئے۔ علاقے کے لیے ملک لیاقت علی کے خاندان کی خدمات کے اعتراف میں ہسپتال کا نام ان کے شہید بھائی کے نام سے موسوم کیا گیا۔ کابینہ نے ٹیوبر کلوسز نوٹیفیکیشن رولز2022ءکی منظوری دیدی۔ اسی طرح وزارت صحت حکومت پاکستان نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام NHSPکا اجراءکیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں نچلی سطح پر صحت سے متعلق بنیادی سہولیات اور حذمات میں خاطر خواہ بہتری لانے ہے۔ تاکہ ملک میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے اہداف کی طرف پیش رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔

 

نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام ابتدائی طور پر 430ملین امریکی ڈالر کے فنڈ سے شروع کیا جائے گا جس میں سے 300 ملین ڈالر قرضہ جبکہ 130ملین گرانٹ کی صورت میں ہوگا۔ مذکورہ فنڈ میں خیبر پختونخوا کا حصہ 72.7ملین ڈالر ہے جس میں سے 50.9ملین ڈالر قرضہ جبکہ 21.8ملین گرانٹ کی شکل میں ہوگا۔ معاملہ صوبائی کا بینہ کے سامنے پیش کیا گیاجس کی کابینہ نے منظوری دیدی۔ صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا بلڈٹرانسفیوڑن سیفٹی اتھارٹی کے ممبران کے ناموں کی منظوری دیدی۔ صوبائی کابینہ نے جلوزئی ہاوسنگ سکیم نوشہرہ میں 1320 فلیٹس کی تعمیر کے لئے نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کے مابین ڈرافٹ ایگریمنٹ کی منظوری دے دی۔ ایگریمنٹ کے مطابق نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی جلوزئی ہاوسنگ سکیم نوشہرہ میں یہ فلیٹس تعمیر کرے گی جس کے لئے 150 کنال اراضی پہلے ہی مختص کی گئی ہے۔صوبائی کابینہ نے مالی سال2021-22ءکے لئے پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کے بجٹ اور نظر ثانی شدہ بجٹ تخمینوں اور مالی سال 2022-23ءکے بجٹ تخمینہ جات جو کہ اتھارٹی کے 17 اگست 2022 کے اجلاس میں منظوری کے بعد محکمہ ہاوسنگ اور محکمہ فنانس کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی سے منظور کرائے گئے تھے، کی بھی منظوری دے دی۔

 

صوبائی کا بینہ نے ورسک روڈپر محکمہ ایریگیشن کی 6کنا ل 3مرلہ اراضی کثیر المنزلہ رہائشی فلیٹس کی تعمیر کے لئے صوبائی محکمہ ہاوسنگ کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے ہاوسنگ ڈیپارٹمنٹ کے اس تجویز کی بھی منظوری دی کہ محکمہ ایریگیشن ورسک روڈ پر اپنے دفاتر اور مشینری متبادل جگہ پر منتقل کریگی جبکہ محکمہ ہاوسنگ نئے دفتر کی تعمیر اور مشینری کی منتقلی کے لیے محکمہ ایریگیشن کو 65ملین روپے کی ادائیگی یقینی بنا ئے گی۔ مزید برآں اس منصوبے پر آنے والی اخراجات پراجیکٹ لاگت میں شامل کی جائے گی جو الاٹیز سے وصول کی جائے گی۔صوبائی کا بینہ نے خیبر پختونخوا گورنمنٹ ایجوکیشنل اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1971کے تحت حاصل ختیارات کے تحت آرڈیننس کے مندرجات کو کیڈٹ کالج مامد گٹ ضلع مہمند پر لاگو کرنے کی منظوری دیدی۔کابینہ ارکان نے مزید بتایا کہ کابینہ نے خیبر پختونخوا ہائر ائجوکیشن ریسرچ اینڈومنٹ فنڈ(ترمیمی) بل2022کی منظوری دی۔ ترمیم کا مقصد سرکاری شعبے کے کالجوں کو شامل کرنا، بورڈ کی از سر نو تشکیل،بورڈ کے اختیارات اور امور کو نئی شکل دینا اور بورڈ کا آڈٹ اکاونٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کے سپرد کرنا ہے۔

 

اسی طرح کابینہ نے ٹانک میں گومل یونیورسٹی کے مستقل کیمپس کے قیام کے لیے 100کنال سرکاری اراضی محکمہ اعلیٰ تعلیم کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے ایک نیا زون قائم کرنے کیلئے کا بینہ کمیٹی کی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی جس میں ملاکنڈ کے اور ہزارہ کے بعض اضلاع پر مشتمل ایک نئے زون کے قیام کی سفارش کی گئی ہے۔ کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایک نئے زون (زونvi-) کے قیام کی منظوری دیدی۔ زون vi-میں ضلع اپر کوہستان،لوئر کوہستان، کو لئی پالس کوہستان، تورغر،بٹگرام، بونیر، شانگلہ اور ٹانک کے علاوہ صوابی، ہری پور اور مانسہرہ کے پسماندہ علاقے شامل ہوں گے۔ اسی طرح پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں صوبائی کابینہ نے واٹر اینڈ سینیٹشن سروس پشاور کے تحت مختلف کیٹگری کے واٹر سپلائی، کنزرونسی اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اینڈ سیوریج چارجز کی مد میں نئےTarrif کی منظوری دیدی۔

 

صوبائی کا بینہ نے پشاور کے 120شہری نیبر ہڈ کونسلر میں پینے کی پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی سے متعلق ا±مور بمع عملہ مشنری اور آلات واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن سروس پشاور (wssp) کو تفویض کرنے کے لیے باقاعدہ اعلامیہ جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ انہوں نے کہا کہ WSSPمیونسپل کارپوریشن پشاور، میونسپل کمیٹی یونیورسٹی ٹاون اور PDAکے درمیان طے پائے جانے والے ایک معاہدہ کے تحت WSSPپہلے سے ہی ان 120نیبرہوڈ کونسلر میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی سے متعلق خدمات فراہم کررہاہے۔صوبائی کابینہ نے اس سال جون میں افغانستان کے علاقے پکتیکا اور خوست میں آنیوالے زلزلے کے متاثرین کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان کی خریداری اور ان ترسیل کی مد میں آنے والے اخراجات کے لیے 8.85ملین روپے کی منظوری دی۔

 

کابینہ نے پشاور میں جسمانی تشدد کا شکارہو کر جاں بحق ہونے والے دو کمسن بچیوں شاہدہ حبا اور ماہ نور جبکہ زخمی ہونے والی بچی منزہ کے لیے دس لاکھ روپے فی کس خصوصی معاوضوں کی ادائیگی کی منظوری دیدی۔کابینہ نے لال قلعہ لوئر دیر میں اس سال ایم پی اے ملک لیاقت کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو خصوصی معاوضوں کی ادائیگی کی منظوری دیدی جس کے مطابق جان بحق ہونے والے افراد کے ورثائ کو فی کس 30لاکھ روپے اور شدید زخمی ہونے والوں کو پانچ لاکھ جبکہ معمولی زخمی ہونے والوں کو دو لاکھ روپے دئے جائیں گے۔ کابینہ نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں دوسرکاری ملازمین کو شہدائ پیکج کے تحت معاوضوں کی ادائیگی کے لئے متعلقہ محکمے کو کاروائی عمل میں کرنے کی ہدایت کی۔

 

صوبائی کا بینہ نے قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس کے ایک اجلاس میں قومی سطح پر گندم کی کم سے کم سپورٹ پرائس کا تعین کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی روشنی میں صوبے میں مالی سال 2022-23کے لئے گندم کی کم سے کم موجودہ سپورٹ پرائس کو موجودہ 2600/40سے بڑھا کر 3000/40kgکرنے کی منظوری دیدی۔ کا بینہ نے مالی سال 2022-23کے لئے شوگر کین اینڈ شوگربیٹ کنٹرول بورڈ میں بطور ممبر تعنیاتی کے لیے ڈسٹرکٹ پشاور سے راشد محمود خان،ڈسٹرکٹ مردان سے نعمت شاہ اور ڈی آئی خان سے عبدالرشید ڈھب کے ناموں کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے ضم شدہ ضلع کرم میں فوڈ گرین گودام کی تعمیر کے لئے 9کنال 11مرلہ سرکاری اراضی محکمہ خوراک کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی۔

 

کابینہ نے Prison Staff Training Academy کے قیام کے لیے KP Prision ACT 2020 میں ضروری شق کا اضافہ کرنے کی منظوری دیدی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں قائم interment center کو ختم کرنے کے لیے اعلامیہ جاری کرنے کی منظوری دیدی۔صوبائی کابینہ نے قیدیوں کی رہائی کے مراحل میں پیچیدگیاں اور شکایات دور کرنے اور رہائی وارنٹ کے بعد ان کی فوری رہائی یقینی بنانے کیلئے الیکٹرانک/ ای میل کا طریقہ کار اپنانے اور اس سلسلے میں قانون میں ضروری ترامیم کی منظوری دیدی ہے۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا چیر یٹیر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے لیے پی سی ایس آفیسر محمد ارشد کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔صوبائی کابینہ نے صوبے کے ہر سیشن ڈویڑن میں جووینائیل جسٹس کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ حاضر سروس جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس جس کی نامزدگی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کریں گے۔ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ دیگر ممبران میں متعلقہ ضلع کے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر، ممبر ڈسٹرکٹ بار جو 7 سالہ تجربہ کا حامل ہو اور حاضر سروس پروبیشن آفیسر یا سوشل ویلفیئر آفیسر گریڈ 17 شامل ہوں گے۔ کمیٹیوں کے قیام کا مقصد اضلاع کی سطح پر جووینائل جسٹس سسٹم یقینی بنانا ہے۔ صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا سزاوں (Sentencing) ترمیمی بل 2022 کی منظوری دے دی ہے۔

 

ترمیم کے تحت وزیر اعلی کو متعلقہ کونسل کے چیئرپرسن اور ممبرز کی تعیناتی کا اختیار تفویض کیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے لاءاینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ کی روشنی میں -Emption Law Preمیں اسلام سے متصادم شقوں کو اسلامی قوانین سے ہم آہنگ کرنے کے لئے Pre-Emption Lawمیں ضروری ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔صوبائی کابینہ نے اپر چترال کی تحصیل ملکھوترکھوکو دو ریوینو تحصیلوں ملکھو اور تورکھو میں تقسیم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کابینہ نے ضلع صوابی کی تحصیل گدون کو تحصیل کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔واضح رہے کہ گدون زیادہ تر پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے اور عوام کو تحصیل ٹوپی تک آنے میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے گدون کو تحصیل کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا جس کی آج کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

 

صوبائی کابینہ نے ضلع صوابی میں حالیہ سیلابوں سے بری طرح متاثر ہونے والے ایریگیشن چینلز اور دریاوں کے کنارے پشتوں کی تعمیر کے لئے 1000 ملین روپے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ یاد رہے کہ ضلع صوابی کی زرعی زمین بڑی زرخیز ہے اور مختلف فصلوں، پھلوں، سبزیوں اور غذائی اجناس کے لئے موزوں ہے۔ حالیہ سیلاب سے ایریگیشن چینل بری طرح متاثر ہوئے جبکہ حفاظتی پشتوں کی بحالی و تعمیر نہ ہونے سے آبادی کو مستقبل میں شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ کابینہ نے حالات کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر 1000 ملین سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹرانسمشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کی آپریشنل ضروریات کے لئے 96.625 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے۔

 

صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا کنٹرول آف نارکاٹکس ایکٹ 2019 کے رولز کی منظوری دے دی ہے جس میں ایکسائز پولیس سٹیشن کے قیام کے رولز، اثاثوں کے انتظام و انصرام، گاڑیوں اور دیگر اثاثوں کی ڈسپوزل، بحالی سنٹرز رولز قابل ذکر ہیں۔ صوبائی کابینہ نے محکمہ معدنیات کے معائنے کے Conduct of Examinations Rules 2022 KP کی منظوری دے دی ہے۔ صوبائی کابینہ نے محکمہ داخلہ کی 2 کنال اراضی سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کے لئے محکمہ سائنس و ٹکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔اسی طرح کابینہ نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے صاحبزادہ محمود نور کی تقرری اور میجر قلعہ روڈ کا نام تبدیل کر کے مہمند دلہ زاک روڈ رکھنے کی منظوری دی۔

 

کابینہ نے صوبائی محکمہ ماحولیات کے نام میں کلائیمیٹ چینج بھی شامل کرنے اور کیلاش کمیونٹی انڈومنٹ فنڈ ایکٹ 2022 کی منظوری دی۔کابینہ نے گرلز گائید ایسوسی ایشن کو ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے خیبرپختونخوا سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔

chitraltimes kp cabinet meeting cm mahmood chaired


شیئر کریں: