Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سعودی عرب اور چین سے قرضے کی تجدید ہوگئی،سیلاب کے بعد ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت چل رہی ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات

Posted on
شیئر کریں:

سعودی عرب اور چین سے قرضے کی تجدید ہوگئی،سیلاب کے بعد ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت چل رہی ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے سعودی عرب اور چین سے قرضے کی تجدید ہوگئی ہے،سیلاب کے بعد ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت چل رہی ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک بہترین مقام ہے۔ سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔سرکاری خبررساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ سیلاب کے بعد کی صورتحال اور ریلیف کیلئے ابھی ہم آئی ایم ایف سے بات چیت کررہے ہیں ان سے اعدادوشمار شیئر کئے گئے ہیں لیکن ابھی تک اس حوالے سے کچھ فائنل نہیں ہوا،ابھی ہم نے دیکھنا ہے کہ فلڈ ری فنانسنگ کیلئے کیا حکمت عملی اپنائی جاتی ہے۔کون سی چیزوں کو ترقیاتی سائیڈ سے لیا جاسکتا ہے اور کفایت شعاری کے حوالے سے کون سے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔

 

عائشہ غوث پاشا کا مزید کہنا تھا کہ چین اور سعودی عرب سے ہم جس قرضے کی تجدید چاہتے تھے وہ ہوگیا ہے۔ سعودی عرب نے حال ہی میں تین ارب ڈالر ہمارے رول اوور کر دیے ہیں۔دوسری جانب چین نے جو ہماری رول اوور کی ضروریات کو نہ صرف پورا کیا بلکہ اسے وسعت دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان تمام چیزوں کا ایک پراسس ہوتا ہے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ اعلان ہوا اور سب کام ہوجائیں اس میں ابھی کچھ وقت لگے گا، بات چیت کے فوری بعد یہ امید رکھنا کہ فوری سرمایہ کاری آجائے گی اس کیلئے کچھ ٹائم چاہیے ہوتا ہے۔ جس پراسس سے گزرنا تھا اس سے ہم گزر رہے ہیں اس میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں کی جارہی ہم ایک طریقہ کار پر عمل کررہے ہیں۔ بلا سود بینکاری نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سود سے پاک نظام حکومت کی کمٹمنٹ ہے اور ہم اس سمت میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے کچھ سالوں سے اسلامک بینکنگ نے جو گروتھ دکھائی ہے دنیا میں کسی اور جگہ ایسی مثال نہیں ملتی۔ہم اچھی طرح اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم اسلامک بینکنگ میں ترقی کررہے ہیں۔ کئی ایسے اسلامک بینک ہیں جو اسلامی پراڈکٹ میں بہت اچھی پراگرس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شریعت کورٹ کے حوالے سے بھی کچھ روڈ میپ کی بات ہورہی ہے ہم طریقہ کار نکال رہے ہیں کہ فنانشل سٹرکچر میں کسی قسم کا تعطل نہیں ہو۔ مالیاتی نظام کو تعطل کے بغیر اس طرح آگے بڑھایاجارہا ہے اور اس پر کام ہورہا ہے اور اس پر کام مکمل ہونے کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ملک میں میکرو اکنامک استحکام ضروری ہے۔ پاکستان سرمایہ کاری کے حوالے سے محفوظ ملک ہے۔ہمارے سکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک بہترین مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

 

 

عمران خان کو ملنے والی گھڑی کی فروخت پر سعودی عرب سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، دفتر خارجہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو تحفہ میں ملنے والی گھڑی کے بارے میں سعودی حکام کی جانب سے کسی قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی اسکا علم ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے تحائف کی فروخت کے حوالے سے کسی تحریری یا زبانی شکایت کا علم نہیں اور نہ ہی پاکستان کو ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی ہے۔ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہمارے کینیا میں ہائی کمشن نے ارشد شریف کی شناخت، پوسٹ مارٹم اور نعش واپس لانے کیں فعال کردار ادا کیا، دفترخارجہ نے اس حوالے سے بھرپور مدد فراہم کیا، ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات سے وزارت داخلہ ہی آگاہ کر سکتی ہے۔پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لوٹائے پاکستان کشمیر کے مسئلے کو تمام عالمی فورمز پر اجاگر کرتا رہے گا، مسئلہ کشمیر صرف اقوام متحدہ متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کے حل پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان دفتر خارجہ نے نہیں کیا، ہم نے یہ کہا کہ ان کے دورے کے حوالے سے تاریخیں باہمی مشاورت سے طے کی جا رہی ہیں، یہ دورہ کارڈز پر ہے اور جلد ہو گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد پاکستان سعودی عرب سپریم کونسل کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، جس میں متعدد معاہدے متوقع ہیں۔

 


شیئر کریں: